کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سخت سیکورٹی انتظامات میں کراچی میں 18 اکتوبر کوجلسے کے سلسلے میں باغ قائد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہاں موجود جیالوں نے اپنے قائد کا والہانہ استقبال کیا۔
سہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری کے بعد بلاول بھٹو زرداری کراچی پہنچے اور اچانک مزار قائد سے متصل باغ قائد میں جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔وہ اسٹیج پر گئے اور انتظامات کا جائزہ لیا جہاں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل نے انہیں جلسے کے انتظامات کے متعلق آگاہ کیا۔ جلسے کی تیاریوں میں مصروف پیپلز پارٹی کے جیالے بلاول بھٹو زرداری کو دیکھ کرخوش گوار حیرت میں مبتلا ہو گئے۔
کارکنوں کا جوش دیدنی تھا۔ جلسہ گاہ میں موجود پیپلز پارٹی کی خواتین کارکنان بھی بلاول بھٹو زرداری کے حق میں مسلسل نعرے بازی کرتی رہیںجس پر بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کرجواب دیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے میڈیا کو بتایا کہ 18 اکتوبر کا جلسہ نئی تاریخ رقم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین کے لیاری، سہون اور جلسہ گاہ کے دوروں کے بعد خطرات سے متعلق افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
بعد میں بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ کی جانب سے بنائے گئے موبائل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں جلسہ گاہ اور اطراف میں لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔