کراچی (جیوڈیسک) وزیراطلاعات وبلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کارویہ ناقابل برداشت ہوچکا ہے۔ سندھ کی ترقیاتی اسکیموں کو وفاقی حکومت کی جانب سے نظر انداز کیے جانے پر سندھ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قرارداد منظور کرائی جائیگی۔
مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کیخلاف انتقامی کارروائیوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ انھوں نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا۔ شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہاکہ وفاقی حکومت سندھ اوراس کے عوام کے ساتھ کھلم کھلا دشمنی پراتر آئی ہے۔
سندھ اسمبلی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کی ترقیاتی اسکیموں کو نظر انداز کیے جانے، سندھ کے خلاف متعصبانہ رویہ اور سندھ میں انتقامی طور پر لوڈشیڈنگ میںاضافے کے خلاف بھی قرار دادیں منظور کرائے گی۔
انھوںنے کہاکہ عوام کیلیے پینے کے پانی جیسی اسکیموں کو نظر انداز کرنا عوام دشمنی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیے جانیوالے اقدام خود وفاقی حکومت کا اپنے خلاف خود سازش کرنے کے مترادف ہے۔
انھوں نے مزید کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کے ساتھ انتقامی کارروائیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا۔ وفاقی حکومت یامسلم لیگ(ن) کی قیادت پاکستان پیپلزپارٹی کی مفاہمتی پالیسیوں کو ہماری کمزوری تصورنہ کرے۔
انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اس ملک میں آمریت کے خلاف اور جمہوریت کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ہم اس ملک میں کسی صورت آمریت کوہوا دینے والوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انھوںنے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی اعلیٰ قیادت 90 کی دہائی کی سیاست کرنے کے بجائے ماضی سے سبق سیکھے اورعوام دشمن پالیسیوں کا خاتمہ کرے۔