اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے نئی انرجی پالیسی تیار کر لی ہے جس کے تحت آئندہ 3 سال میں بجلی کی پیداوار 26 ،800 میگاواٹ تک بڑھائے جائے گی اور بجلی کی اوسط پیدواری قیمت 14 روپے 67 پیسے سے کم کر کے 10 روپے تک لائی جائے گی۔ توانائی پالیسی پر وزیراعظم نواز شریف کو 27 جون کو حتمی پریذنٹیشن دی جائے گی۔
29 جولائی کو مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں صوبوں کو اس سلسلے میں اعتماد میں لیا جائے گا جس کے بعد وزیر اعظم نئی انرجی پالیسی کا اعلان کریں گے۔ نئی انرجی پالیسی کے تحت بجلی کی پیداوار 12،200 میگا واٹ سے 26 ہزار 800 میگا واٹ تک بڑھائی جائے گی۔
بجلی کی پیدواری قیمت میں اوسطا 30 فیصد تک کمی اور لوڈ شیڈنگ کو صفر تک لانے کی کوشش کی جائے گی ۔توانائی پالیسی کے چار اہم نکات ہوں گے جن میں بجلی کی طلب و رسد کے درمیان فرق دور کرنا، صارفین کیلیے سستی بجلی کی دستیابی یقینی بنانا، بجلی کی چوری کم سے کم کرنا اور توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کو پرکشش بنانا شامل ہیں۔