لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف حکومت نے گردشی قرضوں کے مد میں اربوں روپے دیئے ہیں اور کچھ کیسز میں آئی پی پیز کو اضافی رقمیں بھی دی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود ابھی بھی عوام کو شدید گرمی میں مارنے کے لئے صارفین پر مصنوعی لوڈ شیڈنگ مسلط کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق عوام کو بجلی مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن نواز لیگ کی حکومت لوگوں کو نشانہ بنانے کے لئے مصنوعی بریک ڈاؤن اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کر رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو وفاقی حکومت کے اس عمل کی شدید مذمت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ سرپلس بجلی پیدا کر رہا ہے لیکن اس کے بدلے نواز حکومت پورے صوبے میں ناقابل برداشت لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے۔