اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاق نے پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں اور احتجاج کے باعث ہونے والے نقصان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔
وفاق نے دھرنوں اور احتجاج کے باعث ملکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ وفاق کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھرنوں اور احتجاج کے باعث ملکی معیشت کو اب تک 547 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے جب کہ زر مبادلہ کے ذخائر 13 ہزار 521 ملین روپے رہ گئے ہیں، مظاہروں کے باعث اسلام آباد کے تاجروں کا بھی 10 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔
مظاہروں کے باعث بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار مجروح ہوا اور بین الاقوامی رہنماؤں کے دورے منسوخ ہوئے۔
وفاق کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7171 افراد زخمی ہوئے جن میں سے پولیس اہلکاروں کی تعداد 202 ہے جب کہ 3 افراد ہلاک بھی ہوئے، قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 13 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔
مظاہروں کے دوران پی ٹی وی اور پولیس گاڑی سمیت 7 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جب کہ وفاقی دارالحکومت میں 2 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی، دھرنوں کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اضافی 130 ملین روپے خرچ ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سے دھرنوں کے باعث قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی تنصیلات جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔