وفاق اور پنجاب حکومت دہشت گردوں کو پناہ دینا چھوڑ دے تو امن قائم ہو سکتا ہے، شرجیل میمن

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت اگر دہشت گردوں کو پناہ دینا چھوڑ دے تو ملک میں امن قائم ہو سکتا ہے۔

شرجیل میمن نے حمزہ شہبازکے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز دہشت گردی کے خلاف بیان نہ دینے کی بچکانہ باتیں نہ کریں اور جو خاندان دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں ان کی آواز سنیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت دہشت گردوں کو پناہ دینا چھوڑ دے تو ملک میں امن قائم ہو سکتا ہے۔

لہٰذا حمزہ شہباز وفاق کو دہشت گردوں کے آگے گھٹنے نہ ٹیکنے کا مشورہ دیں تو زیادہ بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور طالبان کی مفاہمتی پالیسی سے عوام کو تشویش لاحق ہے اور وفاقی حکومت دہشت گردوں سے مذاکرات کرکے آئین کی توہین کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ رکن صوبائی اسمبلی حمزہ شہباز نے آج ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں لہٰذا سندھ حکومت دہشت گردی کے خلاف بیانات دینے سے گریز کرے۔