وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں دینی مدارس کے امتحانات آج سے شروع ہو رہے ہیں

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (ٍٍخصوصی رپورٹ) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں دینی مدارس کے امتحانات آج سے شروع ہو رہے ہیں جو چھ دن جاری رہیں گے۔ فیصل آباد کے مسئول برائے شعبہ کتب مفتی سید نذیر احمد شاہ بخاری کے مطابق فیصل آباد میں 1837طلباء اور 1985 طالبات وفاق المدارس کے مختلف درجات میں امتحانات دیں گے۔

جن کیلئے 26 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ 17 مراکز طالبات کیلئے جبکہ 9 مراکز طلباء کیلئے ہیں جن میں سے ایک مرکز سنٹرل جیل میں قائم کیا گیا ہے۔ 26امتحانی مراکز میں 167 افراد پر مشتمل امتحانی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ وفاق کے مرکزی دفتر ملتان سے سیل بند سوالیہ پرچے اور جوابی کاپیاں موصول ہو چکی ہیں جو فول پروف انتظامات کے تحت طلباء تک پہنچائی جائیں گی اور بعد ازاں فرضی نمبروں کے ذریعے سنٹرل مارکنگ کے نظام کے تحت شعبان کے آخر میں نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

فیصل آباد میں طلباء کے امتحانی مراکز جامعہ امدادیہ، جامعہ دارالعلوم، جامعہ فاروق اعظم، جامعہ دارالقرآن ، جامعہ اسلامیہ عربیہ، جامعہ مدینة العلم، جامعہ اسلامیہ محمدیہ، جامعہ قاسمیہ اور دارالعلوم اسلامیہ سنٹرل ملز میں قائم کیے گئے ہیں جبکہ طالبات کے امتحانی مراکز انوارالقرآن سہگل سٹی، مدرسہ امینیہ فاروقیہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ، فیض محمدی، جامعہ اسلامیہ عربیہ، جامعہ سعدیہ کریم ٹائون، جامعہ تہذیب النسائ، جامعہ فاروق اعظم، فرع دارالعلوم، دارالقرآن، جامعہ رحیمیہ سنٹرل ملز، دارالارشاد 79چک، جامعہ رحیمیہ تقویٰ مسجد، انوارالاسلام انوری مسجد غلام محمد آباد، ادارہ حقانیہ فیض آباد، فیض عام سمندری اور جامعہ امینیہ جڑانوالہ میں قائم کیے گئے ہیں۔