اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) اور سارک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسلام آباد اور سبی ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر زکریا عثمان نے کہاکہ کچھ بے ضمیر عناصر نے ملک کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کے لیے سازش کی ہے، یہ عناصر اس طرح کی مذموم کارروائیوں کے ذریعے ملک کے پرامن ماحول کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
سارک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر و پاک امریکا بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ پوری کاروباری برادری ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور خودمختاری کے خلاف مذموم سازشیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔ اس ضمن میں انہوں نے تاجر برادری کی جانب سے حکومت کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔