وفاق کی جانب سے متحدہ کو تحفظات دور کر نے کی یقین دہانی

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے تحفظات پر وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایم کیو ایم کی تمام شکایات کاجائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد اہم حکومتی شخصیت ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کرے گی، یہ پیغام وفاق کی جانب سے جمعے کو رات گئے گورنر سندھ کو دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنان کی بے گناہ گرفتاریوں، 10 سے زائد کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل خصوصاً کورنگی سے تعلق رکھنے والے کارکن سلمان کے قتل اور 45 لاپتہ کارکنوں کے حوالے سے اپنے تحفظات سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو آگاہ کر دیا ہے وہ ہمارے تحفظات سے وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو آگاہ کر دیں، اطلاعات کے مطابق رات گئے گورنر سندھ نے وفاقی حکومت کی اہم شخصیت کو ایم کیو ایم کے تحفظات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

وفاقی حکومت کی اعلیٰ شخصیت کے نمائندے اور معتمد خاص نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلداس حوالے سے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو آگاہ کریں گے۔