وفاق نے متحدہ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی

United

United

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی حکومت کی اعلیٰ شخصیات نے ایم کیو ایم کی قیادت کو یقین دہانی کرادی ہے کہ کراچی آپریشن اور کارکنان کی گرفتاریوں پر ایم کیو ایم کے تحفظات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری جائزہ لیں اور قانون کے مطابق ایم کیو ایم کی قیادت کے تحفظات کو فوری دور کیا جائے، اگر کسی کارکن کو بے گناہ گرفتار کرنے کی کوئی شکایت سامنے آئی ہے تو اس معاملے کی بھی فوری تحقیقات کرائی جائے گی۔

یہ یقین دہانی کا پیغام وفاقی حکومت کے سیاسی رابطہ کار نے ایم کیو ایم کی قیادت تک پہنچادیا ہے، ایم کیو ایم کی قیادت کی تمام جائز شکایات کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جائے گا تاہم اگر کوئی سیاسی کارکن غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔

تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس پیغام کے موصول ہوتے ہی ایم کیو ایم کی قیادت نے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا ہے، ایم کیو ایم کے حلقوں کا اپنے جواب میں وفاق کے حلقوں کو کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی یقین دہانی کے بعد ہمیں یقین ہے کہ ہمارے بے گناہ گرفتار کارکنان کو رہا کر دیا جائے گا، اگر زیادتیوں کا سلسلہ جاری رہا تو پھر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وفاقی حکومت کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہا کہ کراچی میں گذشتہ کئی روز سے جاری چھاپہ مار مہم میں ایم کیو ایم سمیت کسی سیاسی جماعت کو ٹارگٹ نہیں کیا گیا۔

صرف ان افراد کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے جو مقدمات میں ملوث ہیں یا بھتہ خوری میں ملوث پائے گئے ہیں اور جن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ان کو حراست میں لینے کے دوران تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔