فیڈرر انجری کے باعث فائنل سے دستبردار، جوکووچ نے بغیر کھیلے ورلڈ ٹور کا فائنل جیت لیا

Djokovic

Djokovic

لندن (جیوڈیسک) دنیا کے دو بہترین ٹینس سٹارز کھلاڑیوں نوواک جوکووچ اور روجر فیڈرر کے درمیان ورلڈ ٹور فائنلز کا فائنل دیکھنے کی شائقین کی امیدیں دم توڑ گئیں جب روجر فیڈرر نے انجری کے باعث فائنل کھیلنے سے انکار کر دیا۔

ادھر جوکووچ نے بغیر کھیلے مسلسل تیسرا ٹائٹل جیت لیا۔ لندن میں ٹینس سیزن کے اختتامی ٹورنامنٹ ورلڈ ٹور فائنلز کا فیصلہ کن معرکہ عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ اور روجر فیڈرر کے درمیان شیڈول تھا ، جسے دیکھنے کے لیے ٹینس کورٹ میں 17 ہزار سے زائد شائقین ٹکٹیں بھی بک کروا چکے تھے۔

لیکن فائنل میچ سے چند گھنٹے پہلے سترہ بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن روجر فیڈرر نے فائنل میں شرکت سے معذرت کر لی۔ ادھر سربین سٹار نوواک جوکووچ نے بغیر کھیلے تیسری بار ورلڈ ٹور فائنلز کا ٹائٹل جیت لیا جس پر انہیں ٹرافی کے ساتھ ایک اعشاریہ 92 ملین ڈالرز کی انعامی رقم بھی وصول ہوئی۔

یہی نہیں اس شاندار اعزاز کے بعد جوکووچ 1985 کے بعد مسلسل تیسرا ٹائٹل جیتنے والے پہلے ٹینس پلئیر بھی بن گئے ہیں۔ اسی ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز کے فائنل میں امریکہ کے مائیک برائن اور بوب برائن نے برازیل کے مارسیلو میلو اور کروشیا کے ایوان ڈوڈگ کو شکست دیکر ڈبلز چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ امریکی برادرز کی جوڑی کی فتح کا اسکور چھ سات ، چھ دو اور دس سات رہا۔