بالی وڈ (جیوڈیسک) ریتیک روشن 2000ء میں بڑی سکرین پر جلوہ گر ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وقت فلم دیکھنے والی بہت سی خواتین اس بالی وڈ سٹار کو دیکھ کر بے ہوش ہو گئی تھیں۔
اب ان کا شمار بالی وڈ کے سب سے زیادہ منافع بخش اداکاروں میں ہوتا ہے اور انہیں موصول ہونے والے پرستاروں کے خطوط کی تعداد میں کوئی کمی نہیں ہو رہی۔ تاہم اس چالیس سالہ سٹار نے اپنی فلم، بینگ بینگ کی ریلیز کے موقع پر خود کو ملنے والی توجہ پر پھولے نہ سمانے کے بجائے اس پر تشویش ظاہر کی ہے۔
ممبئی کے نواحی علاقے جوہو میں اپنے عالیشان گھر میں اے ایف پی کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت میں ریتیک روشن نے کہا، میری خواہش ہے کہ میں یہ سمجھنے میں ان (پرستاروں) کی مدد کر سکوں کہ ہیجان انہیں سکون نہیں دے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ خوب صورت چہرے نہیں ہوا کرتے بلکہ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو خود کو خوب صورتی سے پیش کرتے ہیں اور دنیا کو اچھی نظر سے دیکھتے ہیں۔ ریتیک کی فلم بینگ بینگ میں ان کے ساتھ کترینہ کیف دکھائی دیں گی۔ یہ ٹام کروز کی فلم ’نائٹ اینڈ ڈے‘ کا ری میک ہے۔
ریتیک نے بالی وڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رکھے ہیں ، ہالی وڈ میں بھی ان کی انٹری کی باتیں ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے ہر وقت پانچ سے چھ فلموں کی آفر ہوتی ہے لیکن ابھی تک میرے سامنے کوئی ایسا سکرپٹ نہیں آیا جو میرے دِل کو چھو لے۔