فیصل آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وٹکٹ ہولڈر پی پی 71 چوہدری عدیل تاج نے کہا ہے کہ جنہوں نے ہمیشہ قربانیاں دیں اور اپنی پارٹی کی بنیاد ہی سر پر رکھی ہو وہ قوم کیساتھ غداری نہیں کر سکتے۔ پاناما لیکس میں شہید بی بی کا نام آنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ بی بی ایک انٹرنیشنل سیاستدان اور صف اول کی خاتون تھیں۔
جب تک وہ زندہ رہیں تو کسی کو جرات نہیں تھی کہ ان کی جانب آنکھ اٹھا کر بھی دیکھ سکیں۔ آج جب ان کو شہید ہوئے کئی برس بیت گئے ہیں تو ان کا نام اس طرح ایک غیر ملکی نیوز پیپر میں آنا بہت بڑی سازش ہے اور یہ سازش چھپی نہیں رہے گی بلکہ بہت جلد عوام کے سامنے حقائق آ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شریف فیملی تو شروع دن سے ٹیکس چور اور کرپشن کی بے تاج بادشاہ ہے۔ صرف چند ماہ میں سعودی عرب سے قرضہ لیکر اسٹیل ملز لگانا پھر اس کو چلانا، کیونکہ عرصہ بعد اسے فروخت کر کے لندن میں 6اپارٹمنٹس خریدنا اور پھر افشوز کمپنیوں میں سرمایہ لگانا حقیقت نہیں بلکہ کوہ قاف کی کہانی ہے جسے تسلیم کر لینا ایک عام آدمی کے بس کی بات نہیں۔