کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ماڈل و اداکار فیروز خان نے جنسی ہراسانی، بے جا دباؤ اور نامناسب رویوں کا سامنا کرنے والی خواتین کی مدد کے لیے انفرادی سطح پر پہلا پورٹل بنانے کا اعلان ہے۔
کراچی میں 5 سالہ بچی مروہ، راولپنڈی میں معذور خاتون اور سیالکوٹ موٹر وے پر دو جنسی درندوں کی خاتون کے ساتھ ان کے بچوں کے سامنے جنسی زیادتی کے واقعات نے ہر درد مند کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ خواتین کے تحفظ اور معاشرے سے ان غلیظ جرائم کو ختم کرنے کے لیے ہر شخص اپنا کردار ادا کرنے کو تیار نظر آتا ہے۔
معروف ماڈل و اداکار فیروز خان بھی ان واقعات پر دل گرفتہ نظر آتے ہیں اور عملی طور پر کچھ کرنے کا عزم رہتے ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر خواتین کے تحفظ کے لیے ایک پورٹل بنانے کا اعلان کیا ہے جس پر ہراسانی کا شکار ہونے والی خاتون مدد طلب کرسکتی ہیں۔ یہ انفرادی سطح پر پہلی بار بنایا گیا پورٹل ہوگا۔
فیروز خان نے ہراسانی یا ظلم کا شکار ہونے والی خواتین کو یہ پیغام بھی دیا کہ وہ مضبوط رہیں اور مجرموں سے کبھی خوفزدہ نہ ہوں، بہادری سے اپنے حقوق اور انصاف کے لئے ڈٹ جائیں۔ پورٹل پر رابطہ کریں ہم آپ کے پیغامات کا فوری جواب دیں گے اور ہر لڑکی کو انصاف دلائیں گے۔