لاہور (جیوڈیسک) فیروز والا میں رات گئے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے چاروں دہشت گرد وں کا تعلق القاعدہ سے ہے۔
فیروز والہ کے علاقے خان کالونی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف رات گئے کارروائی کی ۔ کارروائی کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے ، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے بارے میں ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ چاروں کا تعلق القائدہ سے تھا اور وہ لاہور میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کا ارادہ رکھتے تھے ۔
چاروں دہشت گرد دو مختلف کارروائیاں کرنا چاہتے تھے اور ان کا ارادہ ایک اہم سیاسی شخصیت، حساس عمارت اور ایک مارکیٹ کو نشانہ بنانے کا تھا ۔
دوسری طرف پکڑے جانے والے دہشت گردوں سے تفتیش کا سلسلہ جاری اور ان سے ملنے والی اہم معلومات کے بعد پنجاب میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریش شروع کر دیا گیا ہے ۔ مارے جانے والے چاروں دہشت گردوں کی شناخت معلوم کرنے کا عمل ابھی جاری ہے۔