وزیرآباد کی خبریں 5/12/2014

Wazirabad

Wazirabad

گیپکو حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق ملک بھر میں اجالے پھیلانے کیلئے میدان عمل میں ہے

وزیرآباد(عقیل احمد خان لودھی)گیپکو حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق ملک بھر میں اجالے پھیلانے کیلئے میدان عمل میں ہے،ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے بہت جلد ملک میں توانائی کا انقلاب آنے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی سید افتخار الحسن المعروف ظاہرے شاہ نے نواحی علاقہ دھاموکے میں گیپکو کی طرف سے200KVA ٹرانسفارمر کی تنصیب کے موقعہ پراہل دیہہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر ایکسیئن گیپکوڈسکہ سردار جمشید خان ، واپڈا ہائیڈرولیبر یونین کے ڈویژنل چیئرمین اعجاز گجر، فرزند سید افتخار الحسن شاہ، خان اکمل خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ سید افتخار الحسن شاہ نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے خاتمہ کا عزم رکھتی ہے اور تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ملک میں انشاء اﷲ معاشی انقلاب برپا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمنوں نے ترقی کا پہیہ روکنے کیلئے قوم کو گمراہ کرنا شروع کررکھا ہے مگر قوم کسی کے مذموم مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دیگی۔عوامی مسائل کا خاتمہ مسلم لیگ(ن) کے ایجنڈے میں شامل ہے اورعوام الناس کو ہر طرح کی سہولیات بہم پنچائی جائیں گی۔ ملکی اداروں کو مضبوط اور مستحکم بنایا جارہا ہے واپڈا کوایک مضبوط ادارہ بنانے کیلئے حکومت شب وروز کوشاں ہے سسٹم میں زیادہ سے زیادہ بجلی لانے کے اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ سردار جمشیدخان نے اس موقعہ پر خطاب کے دوران کہا کہ پوری قوم حکومت کی کارکردگی پر مطمئن ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پانی وبجلی کے وزراء خواجہ محمد آصف، عابد شیر علی میدان عمل میں ہیں جبکہ چیف ایگزیکٹو گیپکو گوجرانوالہ اور ان کی پوری ٹیم حکومتی ہدایات کے مطابق 24گھنٹے کام کررہی ہے گیپکو کے ترسیلی نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جارہا ہے بہت جلد لوڈشیڈنگ کا سلسلہ مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی کے رہنما نائب امیر صوبہ پنجاب ڈاکٹر عبید اللہ گوہر نے کہا ہے حکومت غریب عوام کے مسائل کے حل کی طرف توجہ دے

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) جماعت اسلامی کے رہنما نائب امیر صوبہ پنجاب ڈاکٹر عبید اللہ گوہر نے کہا ہے حکومت غریب عوام کے مسائل کے حل کی طرف توجہ دے اس وقت حکومت اور وزراء سب کی توجہ صرف دھرنوں کی طرف ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ ہو رہی ہے عوام کو بجلی، گیس روزگار تک میسر نہیں ، ہر قومی ادارہ نقصان میں جا رہا ہے نام نہاد خادموں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے ۔ قوم نہ نیا پاکستان چاہتی ہے نہ پرانا بلکہ وہ ایک اسلامی فلاحی پاکستان چاہتی ہے جس کے لیے جماعت اسلامی عملی طور پر میدان میں جدو جہد کر رہی ہے ،ڈاکٹر عبید اللہ نے کہا کہ پاکستان کو علامہ اقبال اور قائد اعظم کے افکار کے مطابق ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنائیں گے گی جس میں انصاف اور اللہ کے دین کا بول بالا ہوگا ۔