فیسکو نے بجلی کے صارفین سے کروڑوں روپے کی اضافی رقم ہتھیانے کیلئے نئے طریقہ پر عمل شروع کر دی

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (خصوصی رپورٹ) فیسکو نے بجلی کے صارفین سے کروڑوں روپے کی اضافی رقم ہتھیانے کیلئے نئے طریقہ پر عمل شروع کردیا۔ 200 یونٹس سے کم والے صارفین کو اضافی یونٹس ڈال کر 201 سے زائد یونٹس کے 3 گنا ریٹس کی وصولی شروع کردی گئی۔

آئی ایم ایف سے قرضے کی قسط لینے کی خاطر ایکولائزیشن سرچارج کے نام پر 30 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کا گھنائونا اقدام مسترد کردیا گیا۔ عمران خان کی اپیل پر آج ملک بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کے پریس کلبوں کے باہر تاریخ ساز احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ تمام سیاسی، دینی، مذہبی جماعتوں، این جی اوز، صارفین کونسل، مزدور، کسان تنظیموں، صنعتی ، کاروباری ، تجارتی شعبہ اور سو ل سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں شرکت کریںگے۔

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی کے صارفین سے کروڑوں روپے کی اضافی رقم ہتھیانے کیلئے نئے طریقہ پر عمل شروع کردیاہے اور 200 یونٹس سے کم والے صارفین کو اضافی یونٹس ڈال کر 201 سے زائد یونٹس کے 3 گنا ریٹس کی وصولی شروع کردی گئی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے قرضے کی قسط لینے کی خاطر ایکولائزیشن سرچارج کے نام پر 30 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کاگھنائونا اقدام مسترد کردیا گیا ہے نیز عمران خان کی اپیل پر آج بدھ کے روز ملک بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کے پریس کلبوں کے باہر تاریخ ساز احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جس میںتمام سیاسی، دینی ،مذہبی جماعتوں، این جی اوز، صارفین کونسل، مزدور، کسان تنظیموں، صنعتی، کاروباری، تجارتی شعبہ اور سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

فیسکو کے صارفین اور پاور انجینئرز نے انکشاف کیاکہ واپڈا ، نیپرا ، فیسکو نے بجلی کے بلوںکے ٹیرفس میں تبدیلی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا نیا سلسلہ شروع کردیاہے جس کے تحت ایسے صارفین جو کاروباری یاگھریلو سطح پر ماہانہ 200 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں انہیں بلاجواز اضافی یونٹس ڈال کر ان کا بل 200 یونٹس سے بڑھایاجارہاہے اور چونکہ 200 یونٹس سے کم اور اس سے زیادہ یونٹس کے نرخوں میں 3 گنا کا فرق ہے اس طرح جو صارفین بجلی 200 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں ان سے غیر قانونی، غیر اخلاقی، غیر انسانی طور پر کروڑوں روپے کی اضافی رقوم ہتھیانے کیلئے انہیں اس حساب سے اضافی یونٹس ڈالے جارہے ہیں

جس سے ان کی ریڈنگ 200 یونٹس سے تجاوز کرجاتی ہے اس طرح انہیں اصل بجلی کے استعمال کی رقم کی بجائے 3گنا اضافی رقم ادا کرنا پڑرہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فیسکو کے ملازمین ماہانہ کروڑوں روپے کی بجلی چوری کروا رہے ہیں اور خود بھی لاکھوں کروڑوں یونٹس ماہانہ مفت بجلی استعمال کرتے ہیں مگر اس کا بل عوام کی جیبوں سے نکلوایا جارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ اب یہ دھونس، دھاندلی، غنڈہ گردی، جگا ٹیکس کی وصولی اور سرکاری طور پر بھتہ ہتھیانے کی کوشش کو مزید کامیاب نہیں ہونے دیاجائیگا۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج بدھ کے روز ملک بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر واقع پریس کلبوں کے باہر اس سنگین بد عنوانی، بے قاعدگی، بے ضابطگی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں کی جو کال دی ہے

اس میں تمام مکاتب فکر کے ہزاروں لاکھوں افراد شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف روزانہ 24 گھنٹے میں سے 18 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری جانب 500 روپے مالیت کا بجلی کا ماہانہ بل 3 سے 4 ہزار روپے تک پہنچا دیا گیا ہے جو عوام کی جیبوں پر سرکاری ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوںنے کہاکہ ایک جانب شریف برادران نے الیکشن میں عوام کو سبز باغ دکھا کر بجلی سستی اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرتے ہوئے ووٹ حاصل کیے مگر اب کشکول تھام کرہرروز آئی ایم ایف سے بھیک مانگنے کی خاطر نہ صرف بجلی کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ کیاجارہاہے بلکہ بجلی بھی فراہم نہیں کی جارہی۔ انہوںنے کہاکہ اگر حکمرانوں نے یہ سفاکانہ فیصلہ واپس نہ لیا تو عوام الناس کسی بھی راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔