اضلاع کی خبریں 8/1/2014

جامعہ سراجیہ نعیمیہ برائے خواتین میں محفل میلاد مصطفی ۖ کے سلسلہ میں آج اجلاس ہوگا
لاہور (پی ایم این) 11جنوری کو جامعہ سراجیہ نعیمیہ برائے خواتین میں محفل میلاد مصطفی ۖ کے سلسلہ میں آج جمعرات پرنسپل جامعہ سراجیہ نعیمیہ نبیرہ عندلیب ایم پی اے کی صدارت میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقدہوگا جس میں پروگراموں کے حوالے اہم فیصلے اور انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی 11جنوری صبح 9بجے سے 2بجے تک جاری رہنے والی محفل میلاد مصطفی ۖ کی صدارت شائستہ پرویز ایم این اے مسلم لیگ کریں گے جبکہ ممبران پنجاب اسمبلی کی تمام خواتین اس محفل کی مہمان خصوصی ہوں گی۔
————————–
————————
صدر تحفظ ناموس رسالت محاذ کی گلشن معمار کالونی پہاڑ والے بابا کے مزار شریف کی توہین کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت
لاہور(پی ایم این) صدر تحفظ ناموس رسالت محاذ اور ناظم اعلیٰ جامعہ رسولیہ شیرازیہ علامہ رضائے مصطفی نقشبندی نے گلشن معمار کالونی پہاڑ والے بابا کے مزار پر چھ افراد کے گلے کاٹنے اورمزار شریف کی توہین کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء کرام کے مزارات پر حاضری دینے والوں کو قتل کرنا گناہ کبیرہ ہے ہم حکومت سندھ اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مزار پہاڑ والے بابا کے زائرین کے قتل کے خلاف سخت نوٹس لیں تاکہ مجرموں کو سخت سے سخت سزا ملے سکے علامہ رضائے مصطفی نقشبندی کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص سوچ اولیاء کرام کے مزارات کے خلاف ہے جن کو ہم دعوت فکر دیتے ہیں کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں کیونہ اولیاء کرام کے مزارات پر حاضری دینا شرعی اصولوں کے عین مطابق ہے دہشت گرد پوری قوم کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں دہشت گردوں عوام اور فوجی جوانوں کے گلے کاٹ رہے ہیں اور حکومت بار بار مذاکرات کی میز بچھانے کی کوشش میں مصروف ہے حکومت طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتی ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں پانی سر تک پہنچ چکا ہے فوری طور پر دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو پوری دنیا میں بدنام کرنے کے والوں کے خلاف سخت سے نمٹا جا سکے علامہ رضائے مصطفی نقشبندی کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کو باربار مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی کیونکہ طالبان محبت کی زبان سمجھنے سے قاصر ہیں اوران کا اعلاج صرف اور صرف جہاد ہے کیونکہ فساد کو ہمیشہ جہاد کے ذریعے ختم کیا جا سکتا ہے۔
————————–
————————
محفل ذکر حبیبۖ
لاہور(پی ایم این) 12جنوری بروز اتوار صبح 11بجے سے نماز عصرتک ”محفل ذکر حبیبۖ” نور محل شادی ہال ٹوکے والا چوک لاہورمیں ہوگی جس کی صدارت پیر سید کرامت علی حسین کریں گے جبکہ مہمان خصوصی ،پیر عطاء الحق آسی ،زیر سرپرستی شمس الدین نقشبندی کریں گے جبکہ خصوصی خطاب مولانامحمد طاہر تبسم قادری کریں گے۔
————————–
————————
گلشن معمار کراچی میں پہاڑی والے بابا کے مزار پر 6افراد کے قتل خلاف کل نیشنل مشائخ کونسل پاکستان ملک بھر میں یوم احتجاج منائے گی
لاہور(پی ایم این)گلشن معمار کراچی میں پہاڑی والے بابا کے مزار پر 6افراد کے قتل خلاف کل 10جنوری 2014بروز جمعہ کو نیشنل مشائخ کونسل پاکستان ملک بھر میں یوم احتجاج منائے گی اس موقع پر جمعہ کے خطابات میں مشائخ عظام وعلماء کرام6افراد کے قتل کے خلاف قراردادیں منظور کریں گے اور واقعہ کے میں ملوث ملزمان کے خلاف کاروائی کرنے کا بھرپور مطالبہ کریں گے یہ بات نیشنل مشائخ کونسل پاکستان کے صدر پیر خواجہ غلام قطب الدین فریدی سجادہ نشین خواجہ محمد یار فریدی نے اپنے بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مزارات کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرے اور دہشت گردوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اولیاء کرام رشدہ وہدایت کا اہم مرکز ہیں اور رہیں گے لیکن کچھ اسلام دشمن عناصر مزارات کے خلاف اپنی روایتی دشمنی کا مظاہر ہ آئے روز کرتے رہتے ہیں
————————–
————————
محافظان ختم نبوت پاکستان کے امیرکی قرآن پاک کی افغانستان میں امریکی افواج کے ہاتھوں بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت
لاہور(پی ایم این) محافظان ختم نبوت پاکستان کے امیر مولانا محمد اعظم نعیمی نے قرآن پاک کی افغانستان میں امریکی افواج کے ہاتھوں بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت افغانستان اور امریکہ ذمہ داروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ واقعہ سے سختی سے نوٹس لے تاکہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے انہوں نے کہا کہ محافظان ختم نبوت پاکستان کے زیر اہتمام کل بروزجمعہ امریکی افواج کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا اس سلسلہ میں خطیب حضرات خطبہ جمعہ میں خطابات کریں گے جبکہ لاہور پریس کلب میں محافظان ختم نبوت پاکستان احتجاجی مظاہرہ کرے گی انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جب تک امت مسلمہ کے غیور عوام متحد نہیں ہوں گے اس وقت تک امریکیوں کو اپنے غلط کاموں کا احساس نہیں ہو سکتا ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس واقعہ کے خلاف امریکہ اور افغانستان کے ذمہ داروں سے بات کرے اور بار بار امریکی فوج کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کے اپنا موقف دنیا کے سامنے لیکر آئے کیونکہ کتاب ہدایت کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی
————————–
————————
حکومت ریاست سودی نظام ختم کرے، علامہ محمد قاسم علوی
لاہور(پی ایم این) جامعہ کلیة زہرہ کے ناظم اعلیٰ اور انجمن اساتذہ پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ محمد قاسم علوی نے کہا کہ 1973کے آئین 38ایس میں حکومت کو کہا گیا ہے کہ ریاست سودی نظام ختم کرے جبکہ 1991میں وفاقی شرعی عدالت سود کی ہر شکل کو حرام قرار دے چکی ہے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اسٹیٹ بینک کے افتتاح کے موقع پر کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں نظام معیشت اسلامی اصولوں کے تحت ہوگا اس حکمرانوں کو چاہیے کہ فی الفور اسلامی معیشت کا اعلان کریں انہوں نے کہا کہ عوام پر مہنگائی اورلوڈشیڈنگ کے بم گرانا حکومت بند کرے کیونکہ عام آدمی دو وقت کی روٹی کھانے سے بھی قاصر ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت ریلیف دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہے قادیانیوں کو تعلیمی ادارے واپس کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کیونکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قادیانیوںکے حوالے تعلیمی ادارے کرنا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ممتاز حسین قادری رہائی تحریک منظم انداز میں چلانے کی ضرورت ہے جب تک ممتاز حسین قادری کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ملکی ادارے اپنے من پسند افراد کو نوازنے کے لیے کوڑیوں کے بھائو ہرگز فروخت نہ کیے جائیں بلکہ ان سے کرپشن بددیانتی کا خاتمہ کر کے انہیں نفع بخش بنایا جائے وگرنہ ملک میں بے روزگاری کا ایک نیا سیلاب آئے گا جو کہ حکومت کو بھی بہا کر لے جائے گا۔
————————–
———————–
صوبائی وزیر زراعت سے ترکی کی کمپنیوں البراک اور لینڈ فورس کے نمائیدہ وفد کی ملاقات
لاہور (پی ایم این) ترکی کی جدید مشینری کے استعمال سے زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ ترکی کی فرٹلائیزر سپریڈر اور مکسر کے استعمال سے پیداوار میں پانچ گنا تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ زرعی آلات میں ترکی کی ترقی سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ترکی کی مشینری کم قیمت اور پائیدار ہے جس کی جوائینٹ وینچر کے زریعے پاکستان میں تیاری ممکن بنائیں گے۔ ترکی کے تعاون سے پاکستان کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہو گا جس سے نہ صرف ملکی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔ ترکی پاکستان کو اپنا ہمدرد اور دوست ملک تصور کرتا ہے اور اس کی زرعی ترقی کا خواہش مند ہے۔ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ترکی کی کمپنیوں لینڈ فورس اور البراک کے نمائیندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ترکی سے آئے وفد میں البراک کے جنرل کوآرڈینیٹر بنیامین کراکا، لینڈ فورس کے چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹر جواد کیر اور عبیدالرحمن شامل تھے۔زراعت ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع )ڈاکٹر انجم علی اور ڈائریکٹر جنرل زراعت (فیلڈ )ڈاکٹر محمد بشیر کے علاوہ زرعی انجینئرز نے وزیر زراعت کی معاونت کی۔وزیرزراعت سے ملاقات میں لینڈ فورس کے چیف ایگریکٹیو نے بتایا کہ ترکی کے کاشتکار Spreaderمشین کے ذریعے اپنی زرعی پیداوار میں پانچ گنا تک اضافہ کر رہے ہیں۔ یہ مشین کھاد اور بیج کھیت میں متوازن پھیلاتی ہے جس سے مجموعی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی چائے ، زیتون اور بادام کی برآمد میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ گندم، چاول، چنا اور گنے کی پیداوار میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے Fodder MIxer & Spreaderکے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کسان کو تمام مطلوبہ عناصر درست مقدار میں حاصل ہوتے ہیں جس سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہو ا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی کی حکومت کاشتکاروں کو زرعی آلات پر 60فیصد رعایت دیتی ہے ۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے ترکی کی زرعی آلات میں ترقی کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان میں Joint Ventureکے ذریعے متعارف کروانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ ترکی کی جدید زرعی تحقیق پاکستان کے لئے نہایت موذوں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی اپنی ٹیکنالوجی پاکستان میں منتقل کرنے پر بھی آمادہ ہے۔اس طرح مشینری درآمد کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی بلکہ پنجاب میں ہی اس کی تیاری ہو گی۔ اس موقع پر ترکی کے وفد نے وزیر زراعت کو ترکی میں 22جنوری 2014ء سے شروع ہونے والی زرعی نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
————————–
————————
میو ہسپتال میں منہ و چہرے کے کینسربارے سیمپوزیم
لاہور (پی ایم این) منہ کا کینسر قابل علاج مرض ہے بر وقت تشخیص سے مرض پر قابو پایا جا سکتا ہےـ عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد باقی دنیا سے زیادہ ہےـ منہ اور چہرے کے کینسر کی بڑی وجوہات پان،چھالیہ ، گٹکا ، نسوار اور تمباکو وغیرہ کا استعمال،کسی شخص کے منہ میں زخم یا چھالے کا نمودار ہونا اور ٹھیک نہ ہونا علامات میں شامل ہیں ـ ابتدائی علامات میں مریض غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں اور جب مرض آخری سٹیج یا ناقابل علاج ہو جاتا ہے تو معالج سے رجوع کرتے ہیں ـ اس مرض کی روک تھام کے لئے میو ہسپتالDepartment of Oral & Maxillofacial Surgery نے عوام میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے او راس ڈیپارٹمنٹ میں منہ اور چہرے کے کینسر میں مبتلا مریضوں کے علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور یہاں پر اس مرض پر جدید تحقیق کی جا رہی ہے ـ میو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ اس مقصد کے لئے 10 جنوری 2014ء بروز جمعہ صبح 09 بجے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، میو ہسپتال لاہور کے آڈیٹوریم میں ایک سیمپوزیم کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور اس کے بعد ایک آگاہی مہم برائے کینسر منہ و چہرہ کے سلسلے میں ایک واک کا اہتمام کیا ہے جو یہاں سے شروع ہو کر نیلا گنبد پر اختتام پذیر ہو گی ـ
————————–
————————
مویشی پال کسانوںکو جدید رجحانات سے استفادہ کرنے کی ہدایت
لاہور(پی ایم این)وزیر اعلیٰ پنجاب معاون خصوصی ارشد جٹ محکمہ لائیو سٹاک نے کہاہے کہ جانوروںکی گوشت کی ضروریات کو پورا کرنے اور لائیو سٹاک سے بھاری منافع کے حصول کے لیے مویشی پال حضرات کو جدیدرجحانات سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی اورکہا ہے کہ مویشی پال حضرات غیر نسلی اور کم دودھ دینے والی دیسی گائیوں اور غیر ملکی بیف بریڈ کے ملاپ سے زیادہ گوشت والے فربہ جانور حاصل ہوسکتی ہے بلکہ معیاری گوشت کو حصول بھی ممکن ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے معیاری گوشت کے حصول کے لیے ماہرین اور محکمہ لائیو سٹاک کی ہدایات پر عمل اور جانوروں و مویشوں کو گرم کش ادویات کی فراہمی بھی ضروری ہے تاکہ صحت مند جاوروں کے ذریعے صحت مند گوشت کاحصول یقینی ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں لائیو سٹاک ماہرین مویشی پال حضرات کو مفید مشوروں کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں وہیں محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے بھی مویشی پال حضرات کے لیے فری ہیلپ لائن کا آغاز کررکھا ہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز کسی بھی قسم کی رہنمائی و مشاورت ، معلومات یا مسئلہ کی صور میں صبح8سے رات08بجے تک فری ہیلپ لائن0800-78685-6 پر رابطہ کرسکتے ہیں
————————–
————————
پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت خصوصی تعلیم کے اداروں میں 11جنوری تک پروگرام منعقد کئے جائیں گے،سیکرٹری خصوصی تعلیم پنجاب
لاہور(پی ایم این)سیکرٹری خصوصی تعلیم پنجاب عنبرین رضا نے کہا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت خصوصی تعلیم کے اداروں میں 11جنوری تک پروگرام منعقد کئے جائیں گےـ گزشتہ روز ایک محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ خصوصی تعلیم نے یوتھ فیسٹیول 2014 ء میں خصوصی طلبا و طالبات کے حصہ لینے کے لئے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے ـجس کے لئے شہزاد ہارون بھٹہ کو چیف کوآرڈینیٹر ،رانا خالد ، زاہد مجید اور چوہدری مشتاق احمد کو کوآرڈینیٹر کے فرائض سونپ دیئے گئے ہیں ـعنبرین رضا نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں تمام اداروں میں مختلف کھیلوں جن میں بصارت سے مرحوم طلبا و طالبات ، گونگے بہرے ، دماغی طو رپر کمزور اور جسمانی معذور بچوں کے مابین مقابلے منعقد کرائے گی جس کے بعد ضلعی سطح پر مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے ٹیموں کی سلیکشن کی جائے گی جبکہ پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014 ء میں قرات و نعت کے علاوہ ملی نغموں ، تقریری اور پینٹنگ کے مقابلہ جات کے لئے بھی باقاعدہ شیڈول بھی مرتب کرلیا گیا ہےـ
————————–
————————
وزیر برائے خصوصی تعلیم پنجاب آج ”بزم ہمدرد نونہال” میں مہمان خصوصی ہوں گے
لاہور(پی ایم این)وزیر برائے خصوصی تعلیم پنجاب آصف سعید منہیس آج 9جنوری بروز جمعرات صبح 10-30بجے ہمدرد فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شالیمار سپیشل ایجوکیشن سنٹر (محروم سماعت اطفال ) کے تعاون سے ”بزم ہمدرد نونہال” کے موضوع پر ایک تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گےـیہ تقریب نیشنل اسپیشل ایجوکیشن سنٹر 45-B2 جوہرٹاؤن لاہورپرمنعقد ہوگیـتقریب میں خصوصی بچے مزاحیہ خاکے، پپٹ شو ، میجک شو، فیس پینٹنگز کے علاوہ تقریری مقابلے اور ہمدرد میڈیکل کیمپ بھی لگایا جائے گاـ
————————–
————————
سرکاری ملازمین کے بچوں کو سالانہ وظائف دینے کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئیں
لاہور(پی ایم این)پنجاب گورنمنٹ سرونٹس بنوولٹ فنڈنے پنجاب کے سرکاری ملازمین کے بچوں کو سالانہ وظائف برائے سال2013-14کے لیے مجوزہ فارم پر درخواستیں طلب کرلی ہیں۔یہ بات سیکرٹری بہبود فنڈ نے آج یہاں ایک بیان میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ وظائف کے لیے مکمل شدہ فارم دفتر سیکرٹری فنڈز واقع الفلاح بلڈنگ میں دفتری اوقات میں صبح 08:00بجے سے04:00بجے شام تک یابذریعہ ڈاک یا دستی کوئی تاخیر قبول نہیں کی جائے گی۔ سیکرٹری بہبود و فنڈز نے مزید بتایا کہ یہ وظائف ان طلباء وطالبات کو دئیے جائیں گے جنہوں نے میٹرک یا بالا کلاسز میں 60فی صد یا اس سے زائد نمبر حاصل کئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی معلومات حاصل کرنے یا شکایت کی صورت میں فون نمبر 042-99204035 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
————————–
————————
حکومت عوام کو پیچیدہ بیماریوں کے موثر علاج کے لئے وسائل مہیا کررہی ہے،میاں مجتبی شجاع الرحمن
لاہور (پی ایم این) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب میاں مجتبی شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو پیچیدہ بیماریوں کے موثر علاج کے لئے وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیا کررہی ہے اور بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے صوبہ بھر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے اور ویکسین دی جاتی ہے ، حکومت اس پروگرام کے لئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے لہذا ہر بچے اور گھر گھر رسائی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز و ویزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گاـ انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں میںمتعدد تکالیف کے پیدا ہونے کا سبب حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنا’ طبی سہولیات و معیاری ادویات کی عدم دستیابی ہے اسی لئے خصوصاً دیہی علاقوں میں مختلف بیماریوں میں مبتلا بچوں کی شرح اموات زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کوطبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 2۔ارب رو پے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں ۔ فیملی فزیشنزکے وفد سے ملاقات کے دورانمجتبیٰ شجاع الرحمننے کہا کہ صوبے کے 4انتہائی پسماندہ اضلاع میں ہیلتھ انشورنس سکیم کے اجراء کے لئے 4ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ، اس سکیم کامقصد عام آدمی پر علاج معالجہ کے اخراجات کا بوجھ کم کرناہے اورکم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 7ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادویات کے معیار کو پرکھنے کے لئے ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں تین ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریاں اور فیصل آباد، راولپنڈی میں غذائی معیار کو جانچنے کے لئے دو فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے لئے حکومت نے 15کروڑ روپے فراہم کئے ہیںـ مجتبیٰ شجاع الرحمننے کہا کہ دیہی آبادی میں حفاظتی اقدامات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ شعور بیدار کیا جائے تاکہ لاعلمی میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو روکا اور لگنے والی بیماریوں کا تدارک کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماں اور بچوں خصوصاً نوزائیدگان کی صحت اور انہیں جدید طبی سہولتیں دینے کے لئے مختلف ڈونر اداروں کے تعاون سے کئی منصوبوںکا آغاز کیا ہے اور ان پراجیکٹس کے مراکز میں ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ کی تعیناتی’ برتھ کٹس ‘ طبی آلات اور ضروری ادویات کی فراہمی کویقینی بنایا جا رہا ہے۔
————————–
————————
اقلیتوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے 20 کروڑ روپے جاری
لاہور(پی ایم این)وزیر اعلی پنجاب محمدشہباز شریف نے صوبہ میں بننے والی مذہبی اقلیتوں کی سماجی و معاشی بھلائی اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے 20 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ مہیا کی ہے ـ اس رقم سے ایسے ترقیاتی منصوبے تشکیل دئیے جائیں گے جس سے اقلیتی برادری ترقی کے قومی دھارے میں برابرکی شریک ہو او روہ قومی تعمیر میںاپنا فعال کردار ادا کر سکےـاس حوالے سے صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور میاں عطا محمد مانیکا کی سربراہی میں محکمہ انسانی حقو ق و اقلیتی امو رپنجاب کے دفتر میں آج ایک خصو صی اجلاس منعقد ہوا ـ جس میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو ، صوبائی وزیر زکواة و عشر ملک ندیم کامران ، ایم پی اے کانجی رام ،ایم پی اے طارق مسیح گل ، ایم پی اے شکیل آئیون ، ایم پی اے رمیش سنگھ اروڑا ، ایم پی اے شہزاد منشی اور ایم پی اے ذوالفقار غوری کے علاوہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے شرکت کی ـ اجلاس میں اقلیتی برادری کی بھلائی کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ـ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر عطا محمد مانیکا نے کہا کہ جو امدادی رقم اقلیتی مسیحی بھائیوں کو ان کے تہوار پر ملنی چاہیے تھی آئندہ 8 روز کے اندر اندر ان میں تقسیم کر دی جائیں ـ مزید براں تجویز دی گئی کہ مستقبل میں اقلیتی مستحقین میں امدادی رقم کی تقسیم کے طریقہ کار کو موثر بنانے کے لئے بیئر ر کے لفظ کی بجائے مستحق کا نام اور شناختی کارڈ نمبر لکھا جائے جس کی تصدیق بنک منیجر خود کر کے امداد ی رقم جاری کرے گا ـ اقلیتوں کی کچی آبادیوں اور کالونیوں کو مالکانہ حقوق دینے کے لئے سفارش کی گئی کہ محکمہ مال کی بیس سالہ قابضین پالیسی کے تحت اقلیتوں کو کچی آبادی کے مالکانہ حقوق دئیے جائیں ـ اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ وزیراعلی کی جانب سے اقلیتوں کی سماجی و معاشی بھلائی کے لئے دی گئی 20 کروڑ کی رقم کو بڑھا کر 40 کروڑ کیا جائے تاکہ تمام مذہبی اقلیتوں آبادیوں کو بنیادی سہولیات مہیا کی جا سکیںـ اجلاس میں مسیحی برادری کے قبرستانوں کی چار دیواری اور وہاں بجلی و پانی کی سہولیات کی فراہمی کی بھی سفارش کی گئیـ

————————–
————————
جنرل ہسپتال: 2013میں 14 لاکھ مریضوں کا علاج ، 29کروڑ کی مفت ادویات

لاہور (پی ایم این)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کو ”مریض دوست ماڈل ” ادارے میں تبدیل کرنے کے علاوہ ہسپتال انتظامیہ نے مریضوں کے علاج معالجہ کے غرض سے ایسے مثبت اقدامات کیے ہیں جس سے شعبہ طب کو انسانیت کی تکریم کے طور پر نئی جدتوں سے روشناس کرانے میں مدد ملی ہے ۔پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کمپیوٹرائزڈ اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ون ونڈو پروگرام شروع کرنے سے کارکردگی میں اضافہ ہواجبکہ ایل جی ایچ صوبے کا واحد شفاخانہ ہے جہاں ایوننگ آؤٹ ڈور شفٹ سے سرکاری و نیم اداروں کے ملازمین و شہری بھرپور استفادہ حاصل کررہے ہیں۔پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام شعبوں میں سینئر ڈاکٹرز کی تعیناتی اور کنسلٹنٹ کی دستیابی، جدید و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی سے 2013ء کے دوران ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں 13لاکھ 97ہزار 764مریض آئے جنہیں صرف ایک روپے کی پرچی کے عوض تمام سہولیات فراہم کی گئیں جو حکومت پنجاب کی عوام دوست صحت مندانہ پالیسی کا آئینہ دار ہے جبکہ پانچ سو بستروں پر مشتمل پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی تعمیر مکمل ہونے پر نہ صرف دماغی امراض اور حادثات کے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے نئے دور کا آغاز ہوگا بلکہ شعبہ نیورو سرجری کے بارے میں جدید ریسرچ کے دروازے بھی کھلیں گے۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر امجد شہزاد، ڈائریکٹر مانیٹرنگ ڈاکٹر وقار نبی باجوہ، اے ایم ایس ڈاکٹر جنید مرزا و دیگر انتظامی ڈاکٹر بھی موجود تھے۔ پرنسپل ایل جی ایچ نے گذشتہ برس کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی میں 6لاکھ 12ہزار 99 مریضوں کو ادویات، آپریشن کا سامان، سی ٹی سکین سمیت تمام تشخیصی سہولیات مفت فراہم کی گئیں۔ آؤٹ ڈور میں 7لاکھ 85 ہزار 665 مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا۔ پچھلے 12ماہ میں 58ہزار 380مریضوں کو داخل کیا گیا اور 80ہزار 163مختلف نوعیت کے آپریشن کیے گئے۔ علاوہ ازیں 55ہزار 858 سی ٹی سکین، 17ہزار 448 ایم آر آئی ، 14لاکھ 7ہزار 146 لیبارٹری ٹیسٹ، 1لاکھ 54ہزار 451ایکسرے اور 87ہزار 563الٹرا ساؤنڈ کیے گئے۔ نیز4ہزار 568مریضوں کی گیسٹرو سکوپی اور 527کی نیورو انجیو گرافی کی گئی،1ہزار 290 مریضوں کے گردوں سے شعاعوں کے ذریعے پتھریاں تحلیل کی گئی جبکہ 12ہزار 105 مریضوں کے ڈائیلسز کیے گئے۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہاکہ رواں سال میں بھی مریضوں کے علاج معالجہ ان کی فلاح و بہبود، نئے مشنری جذبے اور انسانیت کے پختہ ارادے کے ساتھ کی جائے گی ۔پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہاکہ جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکس نے ڈینگی کی جنگ سے لے کر دماغی امراض کے علاج تک ہر طبی شعبے میں ہمیشہ شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور رواں سال میں بھی وہ نبی نوع انسان کی خدمت کے لیے نئے باب رقم کریں گے۔