کراچی (جیوڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کی تمام وکٹیں گرا چکے ہیں، گراؤنڈ خالی ہوچکا ہے۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ڈاکٹرفاروق ستار میڈیا کیلئے بڑی وکٹ ہوسکتی ہے، ان کیلئے فاروق ستار کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
ایک صحافی کےسوال پر انیس قائم خانی نے کہا کہ عید سے پہلے بڑی پتنگ کاٹیں گے جبکہ کراچی میں مزید چھ دفتر کھول رہے ہیں،انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم کے بعض افراد کو پارٹی میں نہیں لیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پی ایس پی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ چند لوگ کروڑوں لوگوں کی قسمت کافیصلہ کررہے ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے میں تاخیرکی جارہی ہے، سندھ کا 8 کھرب روپے کا بجٹ چند وزرا خرچ کریں گے۔ صوبائی حکومت کا کام پیسوں کی نگرانی کرنا ہے یہاں پیسہ خرچ ہورہا ہے مگر منصوبوں پر نہیں لگ رہا۔
انہوں نے کہا تھا کہ 18 ویں ترمیم سے پہلے لوگوں کے جو حالات تھے آج اس سے بھی بدتر ہوگئے ہیں کیونکہ اب لوگ وفاق سے کوئی مطالبہ نہیں کرسکتے اس لیے تمام صوبے صوبائی فنانس کمیشن بنائیں۔