لاہور (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ صوفیائے کرام کانفرنس کا انعقاد، نفرتوں اور فرسودہ جاگیردارانہ سیاست کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ 9 مارچ کو پنجاب کے عوام کانفرنس میں شرکت کر کے فیصلہ دے دیں گے کہ وہ کسی کی خودساختہ شریعت کو جبراً مسلط کرنے کے خلاف ہیں۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ایم کیو ایم پنجاب ہاؤس لاہور میں ذمہ داران اور کارکنان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام ثابت کر دیں گے کہ وہ صوفیائے کرام کی سرزمین پر پیغام امن ومحبت کا فروغ چاہتے ہیں۔
اعتدال پسند عوام، قرآن مجید کی تعلیمات کے مطابق تلوار کے زور پر دین اسلام کا فروغ نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مارچ کو لاہور میں صوفیائے کرام کانفرنس کا انعقاد خوشحال پاکستان کی ضمانت اور نفرتوں اور فرسودہ جاگیردارانہ سیاست کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ آنے والے انتخابات میں ایم کیو ایم پورے ملک میں غریب ومتوسط طبقہ کے ایماندار اور تعلیم یافتہ افراد کے ساتھ حکومت بنائے گی اور جلد ہی پاکستان میں انصاف کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے چوری، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان، اسٹریٹ کرائمز، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم کی وارداتوں کے خاتمہ کا آغاز ہو جائے گا۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ حق پرست عوام پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک کی صفوں میں لاکھڑا کریں گے جس کا خواب بانی پاکستان محمد علی جناح، شاعر مشرق علامہ اقبال اور شہید ملت خان لیاقت علی خان نے دیکھا تھا۔