چند خاندانوں کی حکمرانی ہے، نچلے طبقے کو اقتدار سے دور رکھا گیا ہے ایاز لطیف پلیجو

Ayaz Latif Palijo

Ayaz Latif Palijo

حیدرآباد (جیوڈیسک) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ ملک میں غریب طبقہ غریب تر اور امیرطبقہ امیرتر ہوتا جارہا ہے، عوام کو کھانے کے لیے دو وقت کی روٹی میسر نہیں ہے اور حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں، حکمران بڑے پروٹوکول کے ساتھ گھوم رہے ہیں، مگر ملک کے عوام کی جان اور مال محفوظ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اب تک صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہو پائے، جاگیردار، وڈیرے اور چوہدری ملک کےاقتدار پر قابض ہیں اور ملک میں صرف چند خاندانوں کی حکمرانی ہے، نچلے طبقے کو اقتدار سے دور رکھاگیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں اگرصاف اور شفاف الیکشن ہوتے اور عوام کے حقیقی نمائندے منتخب ہوکر اقتدار میں آتے توآج یہ دن دیکھنے نہ پڑتے، کبھی ڈکٹیٹروں نے اقتدار پر قبضہ کرکے ملک کو لوٹا ہے تو کبھی نام نہاد جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں نے ملک کو لوٹا ہے، عوام کا آج تک کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام جب تک نچلے طبقے کے حقیقی نمائندے منتخب کرکے ایوانوں میں نہیں پہنچائیں گے تب تک ملک مہنگائی، کرپشن اور لاقانونیت کی دلدل سے نہیں نکل سکے گا، انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری طریقے سے اقتدار منتقل ہونا چاہیے، ملک میں جمہوریت ہر حال میں قائم رکھی جائے، امن، انصاف اور جمہوریت کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔