کراچی (جیوڈیسک) ایف آئی اے نے جعلی ڈگری اسکینڈل میں سی ای او شعیب شیخ اور سی او او وقاص سمیت چھ ڈائریکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔
شعیب شیخ کے خلاف مقدمے میں جعلی ڈگریاں، دھوکا دہی، فراڈ اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ اس سے پہلے ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے سی ای اوشعیب شیخ سے 9 گھنٹے تک طویل بیان ریکارڈ کیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اور کارپوریٹ سرکل کے حکام نے شعیب احمد شیخ سے الگ الگ پوچھ گچھ کی۔ حکام نے ان سے طویل بیان کے دوران ایگزیکٹ کے اثاثوں، کاروبار اور جعلی ڈگریوں کے اجرا سے متعلق سوالات کئے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات کا کہنا تھا کہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں ایگزیکٹ کے دفتر کی تلاشی لی گئی اور کافی شواہد اکٹھے کر لئے گئے۔ ایگزیکٹ کے دفتر سے لاکھوں ڈگریاں اور اسٹوڈنٹس کارڈز ملے ہیں۔ ایگزیکٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر وقاص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وقاص شعیب شیخ کے بہنوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شعیب احمد شیخ سے طلب کی گئی دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی جاری ہے۔ ایگزیکٹ کے چونتیس سے زائد سائبر اکاؤنٹس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔