شیخوپورہ (ڈاکٹر ایم ایچ بابر سے) ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز احمد خان ورک کی طرف سے دیئے گئے ٹارگٹ پر ڈی ایس پی فیروزوالہ آصف زمان اور انچارج تھانہ فیکٹری ایریا انسپکٹر رانا محمد اقبال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تین دن میں ٹارگٹ حاصل کر دکھایا۔
تفصیلات کے مطابق ایک منی چینجر سے دوران ڈکیتی چھینی گئی ساڑھے نو کروڑ کی نقدی ناصرف برآمد کر لی بلکہ ایف آئی اے کے ملازمین کے بھیس میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ بھی گرفتار کر لیا یاد رہے کہ شیخوپورہ کی تاریخ میں پولیس کا یہ تیز ترین ایکشن ہے جس میں لوٹی گئی تمام رقم جوں کی توں برآمد کر لی گئی ہے جس پر شیخوپورہ پولیس مبارک باد کی مستحق ہے۔
ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز احمد خان ورک نے ایک پریس کانفرنس کے دوران لوٹی گئی تمام رقم مدعی مقدمہ کو واپس کر دی مدعی مقدمہ کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نا تھا اس نے انسپکٹر رانا محمد اقبال ، ڈی ایس پی فیروز والا آصف زمان انکی پوری ٹیم اور بالخصوص ڈی پی او شیخوپورہ کا شکریہ ادا کیا اور ان سب کی درازی عمر کی دعا کی۔
دوران پریس کانفرنس ڈی پی او سرفراز ورک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کے قلع قمع تک چین سے نہیں بیٹھوں گا اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کو مستحسن طور پر انجام دینے پر انہوں نے ساری ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ مجھے ان جوانوں پر فخر ہے۔