کراچی (جیوڈیسک) عدالت نے ایف آئی اے کو جعلی ڈگری اسکینڈل میں گرفتار ایگزیکٹ کمپنی کے سی ای او شعیب شیخ سمیت 5 ملزمان کو اسلام آباد منتقل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی جنوبی کی عدالت میں جعلی ڈگری اسکینڈل میں ایف آئی اے کی درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ شعیب شیخ اور دیگر ملزمان کے خلاف اسلام آباد میں بھی مقدمہ درج ہے لہٰذا شعیب شیخ، وقاص عتیق ، محمدصابر ، ذیشان احمد اور ذیشان انور کو اسلام آباد منتقل کرنے کی اجازت دی جائے۔
ایگزیکٹ کے وکلا نے ایف آئی اے کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزمان کی اسلام آباد منتقلی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی اس لئے عدالت درخواست کو مسترد کردے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شعیب شیخ اور دیگر 5 ملزمان کو تفتیش کے لئے اسلام آباد منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔