مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) سعودی حکومت اگلے سال میدان عرفات میں مستقل طور پر فائر پروف خیمے نصب کرے گی جہاں ہر سال 9 ذوالحجہ کو 20 لاکھ سے زائد عازمین حج کا لازمی رکن وقوف عرفات ادا کرتے ہیں۔ آن لائن کے مطابق سعودی سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل سلمان الامر نے بتایا۔
کہ پرو جیکٹ پر 12 ارب ریال لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، منصوبہ80 لاکھ مربع میٹر پر محیط ہوگا جہاں بنائے جانے والے خیمے 2 منزلہ ہوں گے، ان فائر پروف خیموں کی بلندی 15 میٹر ہو گی، ان خیموں کے باعث میدان عرفات کی گنجائش میں 71 فی صد اضافہ ہو جائے گااور ان میں لاکھوں عازمین ٹھہر سکیں گے۔
دوسری جانب مدینہ منورہ کے میئر خالد طاہر نے کہا کہ حج کے حوالے سے شہر میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ 8 نومبر تک مدینہ منورہ آنے والے تمام عازمین اور زائرین کو زیادہ سے زیادہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ صفائی کے خاص انتظامات کئے گئے اور اس مقصد کے لئے 4 ہزار 876 ماہر اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں۔ اس کے علاوہ صحت عامہ سے متعلق امور کی بھی نگرانی کی جارہی ہے۔