مانچسٹر (جیوڈیسک) انگلینڈ نے چوتھے ٹیسٹ میں بھارت کو ایک اننگز اور 54 رنز سے عبرتباک شکست دے کر 5 میچز کی سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ہی میچ کا فیصلہ ہوگیا، انگلش بولرز کے سامنے بھارتی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور دوسر ی اننگز میں پوری ٹیم 161 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ اس سے قبل تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو کھانے کے وقفے کے فوری بعد انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 367 رنز بنا کو آؤٹ ہوگئی یوں اسے میزبان ٹیم پر 214 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
جواب میں بھارتی بیٹسمین ایک مرتبہ پھر انگلش بولرز کے سامنے بھیگی بلی بنے رہے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔ روی چندرن ایشون 46 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ کپتان دھونی 27، گوتم گھمبیر 18، مورالی وجے 18، چتیشور پوجارا 17 رنز بنا سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 شکار کئے جبکہ جیمس انڈریسن اور کرس جورڈن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ انگلش ٹیم نے پہلے گیند بازی کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو پہلی اننگز میں صرف 152 رنز پر میدان بدر کردیا تھا جس میں سوائے کپتان دھونی کے کوئی بیٹسمین نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا اور ٹیم کے 6 کھلاڑی بغیر کوئی رنز بنانے ہی پویلین لوٹے۔