لاہور (جیو ڈیسک) سلور سکرین پر کام کرنا اور اس پر اپنی منفرد شناخت بنانا بہت سے لوگوں کا خواب رہا ہے ۔ سکول اور کالج کے دنوں میں دوستوں کی جانب سے ملنے والی معمولی سی حوصلہ افزائی کبھی کبھی انسان کو فلم کے پردے پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلئے اکساتی ہے اور پھر سلور سکرین کا حسن اور کشش انسان کو کھینچ کر اس طرف لے آتی ہے ۔
یوں تو لالی ووڈ اور بالی ووڈ میں اداکاری کے شعبے میں کئی نامور ہیروز اور ہیروئنز نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے مگر بعد ازاں اس صف میں کچھ ایسے نام بھی شامل ہوئے جن کا تعلق براہ راست فلم انڈسٹری سے نہیں تھا اور وہ اس کی چکا چوند سے متاثر ہو کر سلور سکرین پر اپنے شوق کی خاطر وارد ہوئے ، کچھ کو کامیابی ملی اور کچھ گمنامی کے اندھیروں میں غرق ہوگئے ۔ اس ضمن میں سب سے پہلا نام پاکستانی کرکٹر اور سابق افتتاحی کھلاڑی محسن حسن خان کا تھا جنہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے کئی سال تک خدمات انجام دیں اور لازوال اننگز کھیلیں ، اس کے بعد انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز کیا جس کیلئے انہوں نے بالی ووڈ کا انتخاب کیا ،
یہاں ان کی ریلیز ہونے والی سب سے پہلی فلم “ساتھی ” تھی جس کو باکس آفس پر کامیابی ملی، اس کے بعد بھی انہوں نے کئی فلموں میں کام کیا جس میں “بٹوارہ ” قابل ذکر ہے ، محسن حسن خان نے اس کے بعد پاکستان میں بننے والی فلم ” راز ” میں بھی کام کیا جس میں ان کی ہیروئن بابرہ شریف تھیں ، بھارتی کرکٹر سندیپ پاٹیل جنہوں نے بھارت کیلئے 29 ٹیسٹ اور 45 ایک روزہ میچز کھیلے بالی ووڈ کی اداکارہ پونم ڈھلون کے ساتھ فلم ” کبھی اجنبی” میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں ۔ آسٹریلیا کے نامور تیز بائولر بریٹ لی کو بھی کرکٹ کے موضوع پر بننے والی فلم “وکٹری ” میں مرکزی کردار میں سائن کیا گیا تھا ۔
بھارتی کرکٹر اجے جدیجہ جو میچ فکسنگ کے الزام میں ٹیم سے باہر ہوئے انہوں نے فلم “کھیل ” میں سیلینا جیٹلی کے ساتھ کام کیا ، کرکٹر سلیل انکولا نے بھی بالی ووڈ کی فلم “چرا لیا ہے تم نے ” ، “کروک شیترا ” اور “پتاہ ” میں اہم کردار ادا کئے ۔ بھارتی بائیں ہاتھ کے بلے باز ونود کامبلی نے فلم “انرتھ ” میں سنیل سیٹھی کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے ۔
کرکٹر سنیل گواسکر نے فلم “ساولی پریمچی ” میں اداکاری کی ، بھارتی فاسٹ بائولر کپیل دیو نے بھی فلم “سٹمپڈ ” اور ” چین کلی کہ مین کلی ” میں اداکاری کی ، اس کے علاوہ کپیل دیو ، ہربھجن سنگھ ، اشیش نہرا ، پارتھیو پاٹیل شامل تھے ۔
کرکٹر کپیل دیو نے تو کئی کمرشلز میں بھی اداکاری کی اور اپنے شوق کا اظہار کیا ۔ ان دنوں بھی مختلف کمپنیاں کئی کرکٹرز سے فلموں میں کام کرنے کے معاہدے کر رہی ہیں اور بہت جلد کئی اور نامور کھلاڑی فلم کے پردے پر اداکاری کے جلوے بکھیرتے دکھائی دیں گے ۔