کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے نو منتخب امریکی صدر کو کامیابی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کی کامیابی پر دنیا بھر میں حیرت‘ پریشانی‘ مایوسی اور غم و غصہ کا اظہار جاری ہے مگر یہ بھی اٹل حقیقت ہے کہ خامیوں‘ بشری کمزوریوں‘ لاابالی پن اور نسلی و مذہبی حوالے سے انتہائی متعصبانہ سوچ کے باوجود امریکی عوام نے ہی انہیں منتخب کیا ہے اور وہ دنیا کے سب سے طاقتور ملک کے سربراہ بن چکے ہیں ٹرمپ کو اب بہرصورت اپنی قوم اور عالمی برادری کی توقعات پر پورا اترنا ہے ورنہ انکے بارے میںیہ قیافے درست ثابت ہونگے کہ وہ امریکی گورباچوف ہیں جن کے ہاتھوں امریکہ کے عدم استحکام کی بنیاد رکھی جائیگی۔ وہ اپنی ذات اور کردار کے حوالے سے اقوام عالم میں پیدا ہونیوالی غلط فہمیاں کیسے دور کرتے ہیں‘ اس کا اندازہ انکے صدر کے منصب پر فائز ہونے کے باعث انکی ابتدائی پالیسیوں سے بخوبی ہو جائیگا۔ اگر انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بھارت کی جانب جھکاﺅ سے متعلق اپنی ظاہر کی گئی پالیسی برقرار رکھی تو انکے پاکستان اور چین کے ساتھ تعلقات آسودہ نہیں رہ سکیں گے اس لئے انہیں ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا ہے۔ وہ اپنی پالیسیوں سے امریکی تاریخ میں امر بھی ہوسکتے ہیں اور راندہ ¿ درگاہ بھی۔ اگر 18 بار اقتدار میں آنیوالی ری پبلکن پارٹی نے امریکی صدر کیلئے ان کا انتخاب کیا ہے تو یقیناًکچھ سوچ سمجھ کر ہی کیا ہوگا۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف سورٹھ ویر‘ جونا گڑھ فیدریشن کے سیکریٹری سلیم لودھی ‘ جونا گڑھ والنٹیئر کور کے سربراہ فرزند جونا گڑھ اقبال چاند ‘ پاکستان ہزارہ تنولی اتحاد کے رہنما یحییٰ خانجی تنولی ‘جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن میں شامل ویراول شیخ جماعت ،واڈلا سید جماعت ،ویراول کعبہ والیہ جماعت ، گیٹ بھگسرا سیل جماعت ،دی آل میمن جنرل جماعت ، جونا گڑھ پڈھیار جماعت ‘ آجک سید جماعت ‘جونا گڑھ سید جماعت‘ خلیفہ جماعت‘ویراول ترک جماعت‘پٹنی جماعت ‘ زہری جماعت ‘ مانگرول جماعت ‘ رند بلوچ جماعت ‘یوسفزئی خان جماعت‘اجمیری جماعت ‘اونا جماعت ‘ بانٹوا سید جماعت‘ میمن لاکھانی جماعت ‘ ونتھلی میمن جماعت‘گھانچی جماعت ‘ کتیانہ گھرانہ جماعت‘پاک سورٹھ ترک جماعت ‘کاٹھیاواڑی شیدی جماعت ‘سندھی سنگت جماعت‘ کاٹھیاواڑی سپاہی جماعت ‘اسماعیلیہ پیرائی جماعت ‘ کتیانہ میمن ایسوسی ایشن ‘قادری سید جماعت ‘قائم خانی جماعت ودیگر جماعتوں کے منتخب نمائندگان اور جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والی دیگر برادریوں کے سربراہان و نمائندگان نے یوم سقوط جونا گڑھ کے موقع پر جونا گڑھ پر بھارتی تسلط اور جونا گڑھ کی آزادی وپاکستان سے الحاق کے حوالے سے حکومتی غیر سنجیدگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جونا گڑھ پر بھارتی قبضہ کیخلاف حکومت نے کبھی کوئی ذمہ دارانہ و مخلصانہ کردار ادا نہیں کیا جس کی وجہ سے 69برس گزرجانے کے باوجود پاکستان کا آئینہ حصہ جونا گڑھ آج بھی بھارتی تسلط کا شکار ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کی طرح جونا گڑھ کی آزادی و پاکستان سے الحاق کیلئے بھی عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائے ‘ قومی سطح پر تحریک چلائی جائے اور اقوام متحدہ میں پوری دیانتداری سے جونا گڑھ کا مقدمہ لڑاجائے ۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں گورنر کی تبدیلی پر تبصرہ اور نو منتخب گورنر جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کو گورنر کے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما امیر علی سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ ‘خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی فرزند جونا گڑھ اقبال چاند اور این جی پی ایف کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا کہ 1999 ءمیںپی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کرنے اور 2008 ءمیں صدرزرداری کے مقابل ن لیگ کے صدارتی امیدوار کا اعزاز رکھنے والے سندھ کے نئے گورنر سعید الزماں صدیقی سے عوام امن ‘ انصاف ‘ مساوات کے طالب ہیں اور انہیں یقین ہے کہ منصفی کے عہدے پر براجمان رہنے والے سعید الزماں صدیقی عوام کو مایوس نہیں کریں گے بلکہ صوبے سے دہشتگردی و بدامنی کا مکمل خاتمہ کرتے ہوئے قیام امن اور ہمہ اقسام کرپشن اور اقربا پروری سے عوام کو نجات دلائیں گے اورسندھ مین شہری و دیہی کی تفریق کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے کراچی کو بھی پھر سے حقیقی معنوں میں روشنیوں کا شہر بنانے کیلئے اپنے اعلان و عزم کے مطابق بلدیاتی قیادت کو تمام اختیارات دلائینگے تاکہ عوام کے مسائل کا حل ممکن ہوسکے۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹروں کو مسیحا کہا جاتا ہے جو بیماریوں کو زندگی کی نوید دیتے ہیں مگر بدقسمتی سے اس شعبہ میں بھی سیاست کے بد اثرات نمایاں ہو گئے ہیںاور وکلاءکی طرح ڈاکٹرز بھی جارحانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے اپنے مفادات و مطالبات کیلئے اپنے فرائض منصبی کو فراموش کربیٹھے ہیں جس کی وجہ سے شعبہ مسیحائی کا تقدس پامال ہورہا ہے ۔ پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیرعلی سولنگی ‘ پنجاب کے صوبائی صدر ملک نذیر سولنگی اورسولنگی اتحاد کے سینئر رہنماوں وعمائدین نے لاہور مین ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ہونے والی اموات ‘ مریضوں کو لاحق پریشانیوں اوان کی زندگی کو لاحق خطرات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کیلئے انسانی زندگی سے کھیلنا نہ صرف غیر انسانی ‘ غیر اخلاقی اور غیر شرعی عمل ہے بلکہ مسیحائی کے منافی بھی ہے اسلئے ڈاکٹرز اپنے مطالبات کی تکمیل اور حقوق کے حصول کیلئے قانونی جنگ لڑیں ہڑتال کے ذریعے مریضوں کی زندگی خطرات میں ڈالنے سے گریز کریں جبکہ حکومت فوری ایسے اقدامات کرے کہ مریضوں کی جان خطرے میں نہ پڑے اور مسیحاوں کو بھی کسی قسم کی شرمندگی اور نقصان نہ ہو۔