فیلڈنگ خامیوں پر قابو پانا ہوگا، پاکستانی پلئیرز اعصاب قابو میں رکھیں، محسن خان

Mohsin Khan

Mohsin Khan

لاہور (جیوڈیسک) ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں جمعے کو بھارت کیخلاف میچ میں سابق کرکٹرز نے پاکستان کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے فیلڈنگ میں کمزوریوں پر قابو پانے پر زور دیا ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان نے کہا کہ گرین شرٹس کی ٹیم زیادہ متوازن، بیٹنگ اور بولنگ بہترین ہے تاہم تیسرے شعبے میں مسائل ہیں، اچھی کارکردگی دکھانے کیلیے ہر کھلاڑی کو جان لڑانا ہوگی۔

عبد القادر کے مطابق اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے صلاحیتوں کا اظہار کرنا ہوگا، سعید اجمل دونوں ٹیموں میں فرق ثابت ہوسکتے ہیں۔ محمد یوسف نے کہا کہ نئے پلیئرز کی شمولیت کے بعد بھارتی ٹیم ایشیا کپ سے مختلف ہے، اس کیخلاف کامیابی کیلیے حکمت عملی بھی نئی بنانا ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے آج بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے فیلڈنگ سمیت تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی پر زور دیا ہے۔ محسن حسن خان کا کہنا ہے کہ گذشتہ میگا ایونٹس میں شکستیں کوئی اہمیت نہیں رکھتیں، جو کچھ ہوا ماضی کا حصہ بن چکا، بہتر پلاننگ سے عمدہ کوشش تاریخ بدل سکتی ہےَ۔

پاکستان کو بیٹنگ اور بولنگ میں بہترین وسائل دستیاب ہیں لیکن فیلڈنگ کا شعبہ قابل تشویش ہے، اگر فیلڈرز نے مواقع گنوائے تو فتح کیلیے دیگر دونوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی پیش کرنا ہوگی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عبد القادر نے کہا کہ ہمیشہ کہتا ہوں کہ پاک بھارت میچ دنیا کا سب سے بڑا کر کٹ مقابلہ ہوتا ہے جس کے دوران کھلاڑیوں میں حقیقی معنوں میں اعصاب کی جنگ ہو تی ہے جو ٹیم اپنے عصاب پر قابو رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرے کا میا بی اسی کا مقدر بنے گی۔