فیفا کرپشن سکینڈل : زیورخ کے ہوٹل پر چھاپہ مزید 16 افراد گرفتار

FIFA

FIFA

زیورخ (جیوڈیسک) سوئس شہر زیورخ کے ہوٹل باور آ لک میں چھاپے کے دوران مزید 16 فٹ بال عہدیدار جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے ان میں پانچ افراد ایسے ہیں جو فیفا کے سابق یا موجودہ حکام ہیں ۔ ان افراد میں برازیل فٹ بال فیڈریشن کے سابق چیف اور بدنام زمانہ ریکارڈو ٹیکسیرا اور اس کا جانشین مارکو پولو ڈیل نیرو بھی شامل ہیں ، جس نے پچھلے ہفتے فیفا کی ایگزیکٹو کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔

عالمی میڈیا کے مطابق گرفتار ہونے والے 16 افراد کے خلاف امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے فراڈ ، کک بیکس سکیموں اور دیگر کئی جرائم کے الزامات لگائے گئے ہیں ۔ ان گرفتاریوں کے بعد اب تک پکڑے جانے والے ملزموں کی تعداد 27 ہو گئی ہے ، جب کہ امریکا کی جانب سے نامزد کئے جانے والے ابھی مزید 24 ملزمان کی گرفتاری باقی ہے ۔

ادھر سوئٹزرلینڈ کے وفاقی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ حراست میں لئے جانے والے افراد پر رشوت کے طور پر کروڑوں ڈالر لینے کے الزامات ہیں ۔ اب تک فیفاسے تعلق رکھنے والے ایسے 11 عہدیدار ہیں جن پر 20 کروڑ ڈالر بطور رشوت ،کک بیکس اور ٹی وی چینلوں سے رقوم لینے کے الزامات ہیں ۔