فیفا ورلڈ کپ میں دو ہفتے رہ گئے، برازیل میں احتجاج اور ہڑتالیں جاری

Brazil

Brazil

ساؤپالو (جیوڈیسک) فیفا ورلڈ کپ کے آغاز میں دو ہفتے رہ گئے ہیں، لیکن برازیل میں احتجاج اور ہڑتالوں کا سلسلہ جاری ہے، ایک نجومی نے میزبان ٹیم کی جیت کی پیشگوئی بھی کردی ہے۔

میگا ایونٹ کا پہلا میچ ساؤ پالو میں 12 جون کو کھیلا جائے گا، شہر بھر کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے، دوسری طرف آرٹسٹوں نے شہر کی دیواروں پر پینٹنگز بنا کر انوکھے انداز میں احتجاج ریکارڈ کرایا، ان آرٹسٹوں نے ورلڈ کپ کی تیاری پر خرچ ہونے والی کثیر رقم پر حکومت اور منتظمین دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ادھر برازیل کے چار بڑے شہروں میں بس ڈرائیورز کی ہڑتال نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ہڑتال کرنے والوں کا موقف ہے کہ ان کی تنخواہوں میں 12 فیصد اضافہ کیا جائے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ میکسیکو کے ایک نجومی نے ورلڈ کپ سے قبل پیشگوئی کی ہے کہ میزبان ٹیم برازیل ایونٹ کی فاتح ہو گی۔

اینٹونیو وازکیز کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کے دوران کرسٹیانو رونالڈو بہترین کارکردگی دکھائیں گے، لیونل میسسی فیل ہونگے اور ہالینڈ کی ٹیم فائنل میں جگہ بنائے گی۔