پچاس کروڑ روپے کے ٹھیکوں میں کرپشن کا انکشاف

NAB

NAB

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے) کی جانب سے پچاس روپے کی لاگت کے تقریبا آٹھ ٹول پلازوں کے ٹھکیوں میں مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

اس معاملے کی تفتیش کے سلسلے میں نیب نے نیشنل ہائی وے انتظامیہ سے پندرہ جولائی تک تمام ٹول پلازوں کی رپورٹ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوسرے مرحلے میں تمام متعلقہ حکام کو طلب کرکے ان کے بیانات ریکارڈ کروائے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اس معاہدے کے عمل کے دوران پبلک پروکیورمنٹ رولز اور این ایچ اے کے معیار کی تشخیص کو نظر انداز کیا گیا۔ خیال رہے کہ ٹول پلازوں کے یہ ٹھیکے گزشتہ سال نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو دیے گئے تھے۔

ایک اہلکار کا کہنا تھا ‘نیب کے آرڈیننس کی دفعہ 33 سی کے تحت اس معاملے کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔’ اس کے علاوہ ضروری دستاویزات پیش کرنے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین کو تحریر کیے گئے ایک خط میں نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام ضروری دستاویزات جمع کروائیں۔

اس سلسلے میں بار بار کوششوں کے باوجود نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ نیب میں مختلف مقدامات کی نگرانی کرنے والے محکمے نے 2012ء میں بھی اسی طرح کے ایک کیس کی تفتیش کی تھی جس میں نیشنل ہائی وے کے حکام پر تقریباً پانچ ٹول پلازوں کے ٹھیکوں میں اختیارات کے غلط استعمال کے ساتھ ساتھ پبلک پروکیورمنٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔