تھرپارکر (جیوڈیسک) سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے تھرپارکر کے لوگوں کو سندھ حکومت نے بے سہارا چھوڑ دیا ہے اور پچاس کلو گندم دے کر تھر کے لوگوں سے مذاق کیا جا رہا ہے، سندھ کا بجٹ عوام پر خرچ کرنے کے بجائے وزیر، مشیر اور افسران کرپشن کر کے ہڑپ کر لیتے ہیں، تھرپارکر کے معدنی وسائل استعمال میں لے کر مقامی لوگوں کا حق تسلیم کیا جائے، ان خیالات کا اظہار سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے پارٹی کے اجلاس کے بعد سندھ ترقی پسند ہائوس مٹھی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تھرپارکر، کا چھو اور اچھرو تھر کے تیس لاکھ لوگوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے
تھریوں کو پچاس کلو گندم دے کر بھکاری نہ بنایا جائے، صوبائی حکومت اگر سنجیدہ ہے تو تھرپارکر کے معدنی وسائل استعمال میں لاکر تھر کے عوام کو خوشحال بنا سکتی ہے، تھرپارکر کے لوگ ابھی تک پانی، خوراک اور صحت کی سہولیات نہ ہونے پر مشکلات کا شکار ہیں لیکن بچوں کی اموات کی ذمے دار ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں ہیں، اس نے مزید کہا کہ تھرپارکر کے لوگوں کو دی جانے والی امداد میں کرپشن کی گئی ہے
جس کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں، سندھ حکومت کے وزیر وں کے پروٹوکول پر رقم خرچ کرنے کے بجائے عوام پر خرچ کی جائے تو عوام خوشحال ہو سکتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تھرپارکر کے کوئلے کے منصوبے میں مقامی نوجوانوں کو روزگار دیا جائے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ دشمن جماعت ہے جب تک ایک بھی سندھی زندہ ہے سندھ کی تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔