ممبئ (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی آنے والی فلم ’’ہائی وے‘‘ کی اداکارہ عالیہ بھٹ جنہوں نے فلم کے لیے اپنی آواز میں گانا بھی ریکارڈ کروایا ہے، کا کہنا ہے کہ باقاعدہ گلوکارہ نہیں مگر تنہائی میں گانے والی ضرور ہوں۔
اگر اداکارہ کے طور پر ناکام ہوگئی تو گلوکاری شروع کر دوں گی۔ موسیقار اے آر رحمان مجھ پر بہت مہربان ہیں۔ یہ بات اداکارہ نے فلم ’’ہائی وے‘‘ کی تشہیر کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب مجھے فلم ’’ہائی وے‘‘ کے لیے گانا گانے کا کہا گیا تو میں بہت حیران ہوئی اور پھر سوچا کہ کیوں نہ گلوکاری کی کوشش کی جائے۔
اطلاعات کے مطابق ’’ہائی وے‘‘ کی ٹیم جب سفر کر رہی تھی تو عالیہ اس دوران اے آر رحمان کا گانا ’’جیا رے جیا‘‘ گنگنا رہی تھی جسے سن کر ہدایتکار امتیاز علی تاج کے ذہن میں اس کی گلوکاری کے ٹیلنٹ کو آزمانے کا خیال پیدا ہوا۔
موسیقار اے آر رحمان نے اسے ریاض کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کچھ سیکھ گئی تو دو سال کے دوران اپنی البم ریلیز کر لے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 2012 میں فلم ’’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ نے امتیاز علی کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی فلم ’’ہائی وے‘‘ کے لیے آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان کی دھنوں پر گانا ’’سوہا شاہ‘‘ (Sooha Saha) اپنی آواز میں ریکارڈ کروایا ہے، نے اپنی مدھر آواز سے سب کو حیران کر دیا ہے۔