پرکاش جھا کی فلم میں ارشد وارثی کے ساتھ اہم کردار اد کر رہی ہوں، سارہ لورین

Sarah Lorraine

Sarah Lorraine

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے بالی وڈ کے معروف فلم میکرپرکاش جھا کی فلم کے ذریعے بھارتی فلم نگری میں راج کرنے کا گرین سگنل دیدیا۔

حال ہی میں اداکارادھیان ثمن کے ساتھ فلم ’عشق کلک‘ میں اپنا کام عکسبند کروانے والی سارہ لورین نئی فلم میں بالی وڈاسٹارارشد وارثی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دینگی۔ ان دنوں فلم کی شوٹنگ بھوپال میں جاری ہے۔ جہاں پر سارہ لورین اورارشد وارثی پرسین فلمبند کیے جانے کے ساتھ ساتھ گیت بھی پکچرائز کیا جائے گا۔

سارہ لورین نے گزشتہ روز بتایا کہ مہیش بھٹ کی فلم ’’مرڈرتھری‘‘ میں اہم کردار نبھانے کے بعد بہت سی نئی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش تھی لیکن میں نے ہمیشہ معیاری کام کرنے کوترجیح دی ہے اوروہی کردار سائن کیے ہیں جن کے ذریعے میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بالی وڈ میں لوہا منواسکوں۔

میں اس وقت دوبڑے پراجیکٹس میں کام کررہی ہوں لیکن بالی ووڈ کے معروف فلم میکر پرکاش جھا کی فلم کا حصہ بن کرمجھے یہ امید ہونے لگی ہے کہ آنیوالا سال میرا ہوگا۔

یہ ایک چیلنجنگ کردارہے جس کے بارے میں اپنے معاہدے کے مطابق زیادہ کچھ نہیں بتا سکتی لیکن اتنا جانتی ہوں کہ لوگ مجھے ایک بالکل منفرد اندازمیں دیکھیں گے۔ فلم میں میرے مدمقابل ارشد وارثی ہیں جو کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ عمران ہاشمی کے بعد ارشد وارثی جیسے منجھے ہوئے اداکاراور ڈانسر کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پرکاش جا نے بھی میرے کردار کومنفرد بنانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔ ہم ان دنوں فلم کی شوٹنگ کے لیے بھوپال میں ہیں اور یہاں کی خوبصورت لوکیشنز پر سین عکسبند ہو رہے ہیں‘ آئندہ ہفتے ایک گیت بھی پکچرائز کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں سال میں کئی فلمیں بنتی ہیں لیکن میڈیا میں صرف انھی فلموں کا چرچا ہوتا ہے جن کی کہانی اور فنکاروں کے کردار معمول سے ہٹ کرہو‘ اس لیے مجھے اپنی اس فلم سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سارہ لورین نے کہا کہ بالی ووڈ میں مجھے اپنا مستقبل روشن دکھائی دیتا ہے، میں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوںکو نکھارنے کے ساتھ رقص کی بھی تربیت حاصل کی ہے‘ میں سمجھتی ہوں کہ انسان کو سیکھنے کا عمل تمام عمر جاری رکھنا چاہیے اوراس سے ہمارے کام میں بہتری آتی ہے۔