میرا دپیکا پڈوکون کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں، کترینہ کیف

 Katrina Kaif

Katrina Kaif

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف جن کی گزشتہ برس صرف ایک ہی فلم سینما گھروں کی زینت بنائی گئی اور رواں برس کے دوران اوپر تلے چار فلمیں ریلیز کی جائیں گی کا کہنا ہے کہ میرا سپر ہٹ فلم رام لیلا کی اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ کسی قسم کا مقابلہ نہیں ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران کترینہ کا کہنا تھا کہ میرے سب کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں اور اسی وجہ سے دپیکا پڈوکون کے ساتھ کسی قسم کے مقابلے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کترینہ کیف کا مذید کہنا تھا کہ ہر اداکارہ اپنے کام میں امتیازی خصوصیات کے ساتھ یہاں موجود ہے اور اگر کسی نے سال میں تین ہٹ فلمیں دی ہیں تو اگلے سال کوئی دوسری اس سے بھی زیادہ سپر ہٹ فلمیں دے سکتی ہے اور ایسا جاری رہتا ہے اس لیے یہ کہنا کہ میرا دپیکا پڈوکون کے ساتھ کسی قسم کا تنائو یا مقابلہ ہے درست نہیں ہوگا۔

فلم ’’بینگ بینگ‘‘ کے التوا کا شکار ہونے کے باعث فارغ وقت کی پلاننگ کے سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے پاس کچھ بھی کرنے کے لیے فارغ وقت نہیں ہے ۔میری اوپر تلے چار فلمیں تیار ہو رہی ہیں۔

’’بینگ بینگ‘‘ ہرتیک روشن کی بیماری کی وجہ سے التوا کا شکار ہو جاتی ہے تو اس کی شوٹنگز کی تاریخیں انوراگ باسو، کبیر خان اور ابھیشک کپور کو دی جا سکتی ہیں اس لیے میرے پاس کچھ اور کرنے یا کہیں جانے کے لیے وقت نہیں بچتا لیکن میرا خیال ہے کہ ’’بینگ بینگ‘‘ کی شوٹنگز اپنے شیڈول کے مطابق شروع ہو جائیں گی۔

نمبرون پوزیشن کے لیے کرینہ کے بعد رواں سال کے دوران دپیکا پڈوکون کے ساتھ مقابلے کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگ گزشہ برس میرے اور کرینہ کپور کے متعلق گفتگو کرتے رہے اب دپیکا کامیاب فلمیں دیکر سامنے آگئی ہے تو کیا ہو گیا ہے میں اس سے کیوں کر مقابلہ کروں گی۔