ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان فلم رئیس میں ایک گجراتی گینگسٹر رئیس خان کے روپ میں نظر آئینگے جبکہ ماہرہ خان ان کی بیوی کا کردار کریں گی۔
کہا جا رہا ہے کہ فلم مبینہ طور پر عبدالطیف نامی ایک گینگسٹر کی زندگی پر مشتمل ہے جن کے بیٹے مشتاق احمد نے فلم کے اجراء کے ساتھ ساتھ اس کے تشہیری مواد کے خلاف بھی حکم امتناعی حاصل کرنے کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق احمد آباد کی عدالت نے گینگسٹر کے بیٹے کی شکایت پر درج کرائے گئے مقدمے کے سلسلے میں شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
گجراتی گینگسٹر کے بیٹے نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم رئیس ان کے والد کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔ سول کورٹ کے جج آر ٹی وٹسانی نے شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ اور شریک پروڈیوسر ایکسل انٹرٹینمنٹ اور راہول ڈھولکیا پروڈکشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے اگلے ماہ 11 مئی تک جواب طلب کر لیا ہے۔