ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں اپنی بے باک اداکاری کے حوالے سے شہرت رکھنے والی اداکارہ سنی لیون اور اداکار ویر داس پر ان کی نئی آنے والی فلم’’مستی زادے‘‘ میں مذہبی جذبات مجروح کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بالی ووڈ اداکارہ سنی لیون کی فلم’’مستی زادے‘‘ شروع سے ہی تنازعات کا شکار رہی ہے یہی وجہ ہے کہ پہلے فلم پر سنسر بورڈ کی جانب سے اعتراضات اٹھائے جس کی وجہ سے فلم کی نمائش بھی روک دی گئی تھی تاہم اب فلم کی ریلیز نے سنی لیون کو ایک نئی مشکل میں پھنسا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈوکیٹ گورو گولاٹی کی درخواست دائر کے مطابق فلم کے قابل اعتراض مناظر’’مندر‘‘ میں فلمائے گئے ہیں جس سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے جس کے بعد نئی دلی کے ادرش نگر پولیس اسٹیشن میں بالی ووڈ اداکارہ سنی لیون ، ویر داس ،ہدایتکار، فلم ٹیم سمیت سنسر بورڈ کے خلاف فلم’’مستی زادے‘‘ میں ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’’مستی زادے‘‘ میں اداکارہ سنی لیون ، ویر داس اور اداکار تشال کپور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔