ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی باکس آفس پر ہنگامہ مچانے والی فلم ’’باہو بلی 2‘‘ کو اب چین میں بھی ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
’باہو بلی ٹو‘ کے باکس آفس پر 1500 کروڑ روپے سے زائد بزنس کرکے بھارتی سنیما کی تاریخ ہی بدل ڈالی ہے اور باکس آفس پر ایک کے بعد ایک ریکارڈ روندھتے ہوئے سب کو پیچھے چھوڑ دیا جب کہ عامر خان اور سلمان خان کی فلموں کی چین میں کامیابی کو دیکھتے ہوئے ’باہو بلی ٹو‘ کی انتظامیہ نے بھی فلم کو چین میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل ایکشن تھرلر فلم ’باہو بلی ٹو‘ کو بھارت کے بعد جاپان میں بھی ریلیز کیا گیا تھا جہاں فلم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے تھے اور اب ای اسٹار میڈیا کے تعاون سے فلم 4 اپریل کو چین کے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
واضح رہے کہ ہدایتکار راج مولی کی فلم’’باہو بلی 2‘‘ 2015 میں ریلیز ہوئی فلم کا سیکوئل ہے جو 250 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی تھی۔