کراچی (جیوڈیسک) لیجنڈ اداکارہ شبنم نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مصروف اور بھرپور فلمی صنعت میں اپنے اصول بنائے اور کبھی بھی ان پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
پاکستانی فلمی صنعت پر کئی دہائیوں تک راج کرنے والی ادکارہ جھرنا دیوی کو ہم شبنم کے نام سے جانتے ہیں اور انہوں نے کئی یادگار کردار ادا کئے اور سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔ حالیہ ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بعض اہم اور دلچسپ باتیں کیں۔
ایک سوال کے جواب میں شبنم کا کہنا تھا کہ میں راتوں کو دیر تک باہر نہیں رہتی تھی اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی مذاق وغیرہ اپنے ساتھی اداکاروں سے کرتی تھی اس وجہ سے نہیں کہ میں مغرور ہوں بلکہ مجھے اچھی طرح پتا ہے کہ مجھے اپنے ساتھی اداکاروں کے درمیان کس حد تک فاصلہ رکھنا ہے۔
لیجنڈ اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے فلموں میں کام کرنا شروع کیا تو اپنی شرائط سے انہیں آگاہ کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابتدا میں ہی سب کو بتا دیا تھا کہ وہ ایسا کوئی کام نہیں کریں گی جس میں عریانی ہو اورنہ ہی ایسا لباس زیب تن کروں گی جس میں جسم عیاں ہو، اس لئے کوئی مجھ سے ایسے کام کی اُمید بھی نہیں رکھتا تھا کیوں کہ میں نے بہت شعوری طور پر اور احتیاط سے اپنا ایک معیار بنایا جس کو میں ہمیشہ بر قرار رکھنا چاہتی تھی اور اب بھی اس پر عمل پیرا ہوں۔