فلم انڈسٹری کے حالات ٹھیک نہیں‘ تھیٹر نے ترقی کی ہے : میگھا

Megha

Megha

لاہور (جیوڈیسک) فلم‘ ٹی وی اور سٹیج کی اداکارہ میگھا نے کہا ہے کہ پاکستان میں فلم انڈسٹری کے حالات تو اچھے نہیں تاہم ٹی وی اور تھیٹر انڈسٹری نے بہت ترقی کی ہے۔

کچھ عرصہ پہلے صرف ایک پی ٹی وی واحد چینل تھا جس پر ڈرامے چلتے تھے اب پی ٹی وی کے علاوہ نجی سیکٹر میں بھی بے شمار ٹی وی چینلز ہیں جن پر ڈرامے دکھائے جا رہے ہیں۔ اس طرح کچھ عرصہ پہلے صرف الحمرا واحد تھیٹر تھا اب لاہور میں الحمرا کے علاوہ نجی سیکٹر میں 7 تھیٹر ہیں۔ پاکستان کے ٹی وی ڈرامے اور سٹیج ڈرامے بہت مقبول ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے فلم‘ ٹی وی اور سٹیج یعنی آرٹ کے تین شعبوں میں کام کیا ہے۔

مجھے سب سے زیادہ مزہ سٹیج ڈراموں میں کام کرکے آیا ہے کیونکہ سٹیج پر لائیو پرفارمنس ہوتی ہے اور لائیو پرفارمنس کا رسپانس موقع پر ہی مل جاتا ہے۔

مجھے تھیٹر پر معروف اداکار اور تماثیل تھیٹر کے چیئرمین افضال احمد نے متعارف کرایا۔ انہوں نے مجھے سٹیج ڈرامے میں اچھا ڈانس کرنے پر ’’سٹیج کی قتالہ‘‘ کا خطاب دیا جو میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیج ڈراموں میں رقص ہونا چاہئے لیکن فحش رقص نہیں ہونا چاہئے۔