فلم انڈسٹری کی بہتری کیلیے جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی، سعید رضوی

Saeed Rizvi

Saeed Rizvi

کراچی (جیوڈیسک) سینئر ہدایت کار سعید رضوی نے کہا کہ اگر پاکستان کی فلم انڈسٹری کوبہتر بنانا اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے تو ہمیں فوری طور دنیا بھر میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔
کیونکہ اب دور بہت تیزی سے بدل رہا ہے، یہ دور سخت مقابلے کا ہے، ہالی ووڈ میں بننے والی فلموں نے دنیا کو حیران کردیا ہے۔ وہاں جاکر اندازہ ہوا کہ ہم تو ابھی ان کے قریب بھی پہنچ نہیں پائے، معلوم نہیں کیوں ہم نے اس طرف توجہ نہیں دی، یہ بات انھوں نے گزشتہ روز امریکا کے دورے سے واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سعید رضوی نے کہا ہالی ووڈ میں ہونے والی تین ہفتے کے تربیتی ورکشاپ سے حاصل ہونے والی معلومات میرے لیے اس لیے حیران کن تھیں کہ جب میں دس سال قبل ہالی ووڈ میں کورس کرنے گیا تھا تو اس وقت ایسا نہیں تھا اب تو وہاں کی دنیا ہی بدل گئی ہے۔

مجھے وہاں رہ کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ہالی ووڈ فلم انڈسٹری دنیا کے لیے ایک بہترین مثال ہے کہ فلمسازی کا کام کس طرح کیا جاتا ہے ہمیں اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے ۔ میں اپنے نوجوان ہدایتکاروں اور ٹیکنیشنز سے کہوں گا کہ وہ اگر کچھ سیکھنا چاہتے ہیں تو ہالی ووڈ فلم انڈسٹری میں ہونے والی سوچ اور تبدیلی کو اپنا نقطہ نظر بنائیں ، انھوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تربیت کے لیے ہالی ووڈ میں جاکر سیکھنے کے مواقع فراہم کرے تاکہ پاکستان کی فلم انڈسٹری بھی دنیا کی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوسکے اور ہمارے دنیا سے مقابلہ کرنے کے لیے اسی معیار کی فلمیں بنا سکیں۔