کام مانگنے کسی فلمساز یا ہدایتکار کے پاس کبھی نہیں گئی، ریکھا

Rekha

Rekha

ممبئی (جیوڈیسک) فلموں میں آنا حسن اتفاق تھا، اپنے کام سے لطف اندوز ہوئی اسلئے لوگوں نے پسند کیا بالی ووڈ کی معروف ترین اداکاراؤں میں اپنی مخصوص اداکاری اور خال و خط کیلئے مشہور اداکارہ ریکھا کا کہنا ہے کہ وہ کبھی کسی فلمساز یا ہدایتکار سے کام مانگنے نہیں گئیں۔

ریکھا نے یہ باتیں فلمساز سبھاش گھئی کے ایکٹنگ سکول کے ایک پروگرام میں طلبہ و طالبات سے خطاب کے دوران کہی۔ اداکارہ ریکھا نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں آنا انکی ترجیحات میں قطعی شامل نہیں تھا۔ ریکھا نے کہا کہ بس یہ حسن اتفاق تھا لیکن اب میں پیچھے مڑکر دیکھتی ہوں تو لگتا ہے جو ہوا اچھا ہی ہوا، میں اپنے کیریئر سے پوری طرح مطمئن ہوں۔

ریکھا نے مزید کہا کہ فلم انڈسٹری میں آنے کے بعد مجھے میری پسند کے رول ملتے چلے گئے اور میں کام کرتی چلی گئی، اسے میں لوگوں کی محبت مانتی ہوں۔ واضح رہے کہ ریکھا نے بالی ووڈ میں خواتین کے مضبوط کردار نبھائے ہیں اور انکی کئی فلمیں خواتین کے مسائل پر مبنی ہیں۔ ریکھا نے کہا کہ وہ اپنے کام سے پوری طرح لطف اندوز ہوئیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے بھی انہیں پسند کیا۔

ریکھا نے 1966 میں بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنا کیریئر شروع کیا تھا لیکن ان کی پہلی ہندی فلم 1969 میں ’’ساون بھادوں‘‘ تھی۔ امیتابھ بچن کے ساتھ انکی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریکھا نے اب تک سبھاش گھئی کی کسی بھی فلم میں کام نہیں کیا۔