نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ خود پر فلم کی آفر مسترد کر دی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیشنل چلڈرن فلم فیسٹیول کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ 27 سالہ ثانیہ نے کہا کہ میں نہیں چاہتی کہ میری زندگی پر کوئی فلم بنے، میں اپنی نجی زندگی کو کسی دوسرے کے ساتھ شیئر نہیں کرنا چاہتی کہ وہ میرے اوپر فلم بنائیں۔
مجھ سے بھی فلم پروڈیوسرز نے رابطے کیے ہیں، حال ہی میں میں نے ایک فلم کی پیشکش مسترد بھی کی ہے۔ ثانیہ مرزا نے اس موقع پر واضح کیا کہ مستقبل میں وہ یہ فیصلہ تبدیل بھی کرسکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ میں آگے چل کر اپنا ذہن تبدیل کرلوں اگر آپ یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ اسکرین پر میرا کردار کس کو ادا کرنا چاہیے تو پھر میں اس کے لیے دیپیکا پدوکون کا نام لوں گی۔