ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے کہا ہے کہ فلم ’’پی کے ‘‘ میں وہ اہم کردار نبھا رہی ہیں۔ اپنے حالیہ انٹرویو میں انوشکا شرما نے کہا کہ فلم ’’ پی کے ‘‘ میں وہ ایک صحافی کا کردار نبھا رہی ہیں‘ یہ کرداران کے لیے کافی چیلنجنگ ہے، وہ خود کو اس کردار میں ڈھالنے کی مکمل کوشش کررہی ہیں۔ دوسری جانب وہ بڑے سپر اسٹار اداکار عامر خان کے ساتھ کام کررہی ہیں جو ہر کام پرفیکٹ چاہتے ہیں، ان کے ساتھ ہوتے غلطی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے، اس لیے ان پر دباؤبھی ہے۔ وہ مکمل کوشش کررہی ہیں کہ کسی کو بھی شکایت کا موقع نہ ملے۔ فلم کی ہدایات راج کمار ہیرانی دے رہے ہیں۔
فلم 19 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم ’’پی کے ‘‘ میں عامر خان کے ایک اوتار کے کردار میں نظر آنے کے انکشاف کے بعد اب یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اس فلم کے لیے منفرد ہیئر اسٹائل رکھنے والی اداکارہ انوشکا شرما ایک جرنلسٹ کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جو غیر معمولی موضوعات پر لکھنا بہت پسند کرتی ہے۔ فلم کی کہانی بیلجیم کے شمال مشرقی شہر برجز میں انوشکا کی جرنلزم میں کورس مکمل کرنے کے ساتھ شروع ہوتی ہے۔
سوشانت سنگھ راجپوت اس فلم میں انوشکا شرما کا بوائے فرینڈ ہوتا ہے، دونوں آپس میں محبت کرتے ہیں مگر انوشکا اس سے شادی نہیں کرتی کیونکہ اس کے رستے میں بہت ساری رکاوٹیں ہوتی ہیں‘ اس کا پیار ’’غیر معمولی خبروں ‘‘ سے بھی ہے جو اسے کھینچ کر بھارت لے آتا ہے جہاں وہ فلم کے کر دار’’ پی کے اکا (عامر خان) ‘‘ سے ملتی ہے۔ پی کے (عامر خان ) ایک دوسری دنیا سے تعلق رکھتا ہے اور زمین پر ’’ خدا ‘‘ کی تلاش میں اترتا ہے، پی کے انوشکا سے بہت سارے سوالات پوچھتا ہے جس کے اس کے پاس کوئی جوابات نہیں ہوتے‘ پھر انوشکا اور عامر(پی کے) دونوں مل کر سفر کرتے ہیں تاکہ ان کو ان کے سوالوں کے جواب مل سکیں جو کہ آخر میں ایک روحانی سفر میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
یاد رہے فلم ’’پی کے ‘‘ کا پہلا پوسٹر ریلیز ہونے پر بھی کافی ہنگامہ ہوا تھا جس میں عامر خان ایک ریلوے ٹریک پر بالکل برہنہ کھڑے نظر آرہے ہیں جب کہ ہاتھ میں صرف ایک پرانا ٹیپ ریکارڈر پکڑا ہوا ہے‘ اس پوسٹر پر جنسی اشتعال کے الزام پر بھارت کی سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی جس پر عدالت عظمی نے اعتراض مسترد کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی تھی‘ تب سے عامر خان کی یہ نئی فلم ’’پی کے ‘‘ موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔