نئی دہلی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی فلم ’’خوبصورت ‘‘ میں سونم کپور کے مقابل وجیہہ کردار میں جلوہ گر ہونے والے پاکستانی اداکار فواد خان سے متعلق اب اطلاعات ہیں کہ وہ بالی ووڈ کی نئی آنے والی فلم ’’اُڑتا پنجاب ‘‘ میں کرینہ کپور خان کے ساتھ رومانس کرتے نظر آئیں گے۔
پاکستان کے یہ خوش لباس اداکار جنہوں نے گزشتہ برس ہی بالی ووڈ میں اپنی کامیاب انٹری دی ہے اب ایک اور اداکارہ کے ساتھ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہو رہے ہیں اور وہ کوئی اور نہیں بالی ووڈ بیبو کرینہ کپور خان ہیں اور شائقین فلم اب اس خوبصورت جوڑی کو نئی فلم ’’اُڑتا پنجاب ‘‘ میں ایک ساتھ دیکھیں گے۔
یہ وہی فلم ہے جس میں کرینہ کپور خان نے نوجوان اداکار ایوشمان کھرانہ کے مقابل اداکاری کرنے سے انکار کر دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اب کسی نوجوان اداکار کے ساتھ رومانس کرتی نظر آنا نہیں چاہتیں‘ کرینہ کپور کے کہنے پر ہی شاید فلمسازوں نے اس فلم کی کاسٹ سے ایوشمان کھرانہ کو علیحدہ کر دیا تھا اور اب اطلاعات ہیں کہ ایوشمان کی جگہ پاکستانی اداکار فواد خان کو کاسٹ میں لیا جا رہا ہے جو کرینہ کے ساتھ رومانس کرتے نظر آئیں گے۔ اس فلم ’’اُڑتا پنجاب ‘‘ کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس فلم میں کرینہ کپور خان کے سابق ایک بوائے فرینڈ شاہد کپور بھی شامل ہیں جو کہ عالیہ بھٹ کے ساتھ رومانوی کردار میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔
ابھیشیک چوہدری کی اس فلم ’’اُڑتا پنجاب‘‘ میں اب بتایا جا رہا ہے کہ فواد خان ہی کرینہ کپور کے مقابل اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔ دوسری طرف کرینہ کپور خان اس فلم ’’اُڑتا پنجاب‘‘ میں خالص پنجابی لہجہ اختیار کرنے کے لیے ان دنوں دہلی یونیورسٹی کے ایک پروفیسر سے پنجابی زبان بھی سیکھ رہی ہیں جب کہ وہ ان سے پنجابی کی 10 روزہ اسپیشل کلاسیں بھی لینا شروع کریں گی۔
کرینہ نے اس سے قبل بھی کئی فلموں میں پنجابی کردار ادا کیے ہیں مگر وہ ہندی‘ پنجابی ٹوٹے پھوٹے انداز میں بولتی دکھائی دیں اب اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس فلم میں اپنے کردار میں بہتری لانے کے لیے وہ پنجابی کا خاص لہجہ اختیار کریں گی۔ ڈائریکٹر ابھیشیک چوہدری کی اس نئی فلم پر کام کا آغاز اگلے ماہ فروری سے شروع ہو رہا ہے۔