ممبئی (جیوڈیسک) رواں سال مارچ میں آنے والی فلم ’’کوئین‘‘ نے شائقین کے دلوں میں ہی نہیں بلکہ فلم کے ناقدین کے دلوں میں بھی جگہ بنائی تھی اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ اب یہ فلم جنوبی ہند میں بھی بنائی جا رہی ہے لیکن تامل فلم میں اداکارہ کنگنا راناوت کے بجائے ’’گینگز آف واسع پور‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ہما قریشی جلوہ فروز ہو رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ’’کوئین‘‘ میں کنگنا راناوت نے اہم کردار نبھایا تھا جس کے سبب وہ راتوں رات اسٹار سے سپر اسٹار بن گئی تھیں۔ کنگنا کی اداکاری کو دیکھ کر کئی بڑے ہدایت کاروں کے ساتھ ساتھ کئی بڑے اداکاروں نے بھی کنگنا کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
ان اداکاروں کی فہرست میں پہلا نام عامر خان کا تھا جنھوں نے کرن جوہر کے ٹی وی شو ’’کافی ود کرن‘‘ میں برملا کہا تھا کہ وہ کنگنا کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے۔ کنگنا کی فلمی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ہما قریشی نے جنوبی ہندوستان میں تامل زبان میں بننے والی کوین میں کام کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
فلم ’’کوئین ‘‘ دراصل متوسط طبقے کی ایک ایسی لڑکی کی کہانی ہے جس کا منگیتر شادی سے دو دن قبل شادی سے انکار کر دیتا ہے اور پھر وہ تنہا ہی اپنا ہنی مون منانے زندگی کی راہ پر نکل پڑتی ہے۔ ’’کوئین‘‘ کے ہدایت کار وکاس بہل بھی اس بات سے بے انتہا خوش ہیں کہ تامل کی ’’کوئین ‘‘ کے لیے ہما قریشی کو منتخب کیا گیا ہے۔
انھیں یہ امید ہے کہ ہما قریشی یہ کردار بخوبی نبھا سکیں گی اور اس بات سے بھی مطمئن ہیں کہ ہما قریشی ہی اس کردار کے لیے موزوں ترین انتخاب ہے کیونکہ وہ ہما قریشی کی صلاحیتوں کو جانتے ہیں۔
وکاس بہل کا کہنا ہے کہ ہما قریشی ایک طاقتور اور مضبوط اداکارہ ہے اور وہ ’’کوئین ‘‘ کے کردار کو بہتر انداز سے نبھائیں گی‘ وہ کردار رانی کی سادگی اور ہنسی مزاح کو بہترین انداز میں کر پائیں گی کیونکہ ہما قریشی کے چہرے میں معصومیت کے ساتھ ساتھ وجاہت بھی پائی جاتی ہے۔
وکاس کا کہنا ہے کہ وہ ہما قریشی کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور اس کی پرفارمنس کو بہت پسند کرتے ہیں کیونکہ ہما قریشی بڑی خوبصورتی سے کردار میں ڈھل جانے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور اس کی کارکردگی کو ہمیشہ ہی سراہا گیا ہے اور اب ہم سب کو ’’کوئین ‘‘ کے اس تامل ریمیک ’’لندن ٹھماکڈا ‘‘ میں ہما قریشی کی پرفارمنس دیکھنے کا شدت سے انتظار رہے گا۔