نیویارک (جیوڈیسک) نیویارک ہالی ووڈ کامیڈی ایکشن فلم ”ٹو گنز” سوپر ڈوپر ہٹ، باکس آفس پر چھا گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالی ووڈ فلم ”ٹو گنز” اس وقت 3 ہزار سے زائد مقامات پر ریلیز کی جا چکی ہے۔ امریکی سنیما گھروں میں اس فلم کو شائقین نے بے حد پسند کیا ہے۔ پہلے ہفتے کے دوران یونیورسل پکچرز کی جانب سے ریلیز ہونے والی اِس فلم کو دو کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے زائد کی کمائی ہوئی ہے۔ فلم ٹو گنز کا سکرین پلے سٹیون گرانٹ کے اسی نام کے ناول پر تیار گیا ہے۔
سٹیون گرانٹ کا ناول بنیادی طور پر ایک کامِک سیریز کا حصہ ہے۔ فلم کے لیے سکرین پلے مشہور امریکی مصنف اور ہدایتکار بلیک ماسٹرز نے لکھا ہے۔ اس کامیاب فلم کے ہدایتکار آئس لینڈ سے تعلق رکھنے والے باشتاسر کوموکر ہیں۔ ٹو گنز فلم میں مرکزی کردار نگاری ڈینزل واشنگٹن اور مارک وہلبرگ نے نبھائی ہے۔ ہیروئن کے رول میں امریکی اداکارہ پالا پیٹن ہیں۔ کامیڈی ایکشن فلم ٹو گنز میں ڈینزل واشنگٹن اور مارک وہلبرگ کا کردار دو عادی مجرموں کا ہے جو میکسیکو میں مقیم منشیات کے ایک سمگلر کے ساتھ کاروبار کرنا چاہتے ہیں اور اس دوران وہ امریکی خفیہ ایجنٹوں کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں۔
فلم کی کہانی خاصی تیز ہے اور مرکزی کرداروں نے ایکشن کے منظر میں بھرپور کردار نگاری کی ہے۔ فلم میں ایکشن کے ساتھ ساتھ ہلکے پھلکے مناظر بھی ہیں جن سے شائقین لطف اندوز ہوتے ہیں۔ باشتاسر کومو کی بطور ہدایتکار یہ نویں فلم ہے۔ آئس لینڈ میں انہوں نے تھیٹر میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ہیں۔ بظاہر کوموکر کے کریڈٹ پر کوئی بہت بڑی فلم پہلے موجود نہیں ہے اور نئی فلم کی شاندار کامیابی سے ان کے ہداتیکاری کو بھی نیا رنگ اور جوش ملا ہے۔