فلم ’’نامعلوم افراد ‘‘ میں ٹی وی فنکاروں نے یادگار اداکاری کی، جاوید شیخ

Javed Sheikh

Javed Sheikh

کراچی (جیوڈیسک) فلم انڈسٹری کے سینئر ادکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ کی پوری ٹیم ٹیلی ویژن انڈسٹری سے وابستہ رہی ہے۔

جس میں فنکاروں نے اپنی یاد گار ادکاری سے سب کو حیران کردیا، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم نئے فنکاروں کو زیادہ سے زیادہ آگے آنے کا موقع دیں کیونکہ فلم بین بھی فلموں میں تبدیلی چاہتے ہیں اور اب تبدیلی محسوس کی جارہی ہے، کم بجٹ کی فلمیں بنیں گی تو نقصان کا بھی اندیشہ کم ہوگا اور لوگ فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں گے۔ انھوں نے کہا باکس آفس پر پاکستانی فلموں کی کامیابی نے فلم انڈسٹری میں جان ڈال دی ہے۔

ہمارے ملک کے نوجوان ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور فنکار جس محنت اور لگن سے کام کرکے فلم انڈسٹری کو تیزی سے ترقی کی طرف لے جارہے ہیں فلم انڈسٹری سے وابستہ سینئر افراد کو بھی چاہیے کہ وہ ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں جو مشکل حالات میں بہت اچھا کام کررہے ہیں، پاکستان میں ٹیلی ویژن انڈسٹری کی ترقی میں ان ہی باصلاحیت لوگوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔