ہمارے وزیر خزانہ اسحاق ڈار

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اپنے وزیر ِخزانہ اسحاق ڈارنے گذشتہ روز اسمبلی فلور پر ایک سنگین بات کہہ ڈالی ہے دنیا سمجھتی ہے پاکستان کے ارکان ِ اسمبلی ٹیکس چورہیں تمام امراء اپناٹیکس ایمانداری سے دیں تو بیرونی قرضوں کی ضرورت نہیں پڑے گی ٹیکس چوری قتل سے بھی بڑا جرم ہے”یقینا وزیر ِخزانہ نے ایک اہم مسئلہ کی طرف اشارہ کیا ہے پاکستان کے بیشتر ارکان ِ اسمبلی خودبھی ٹیکس نہیں دیتے بلکہ ان کے چمچوں کے چمچے بھی ایسا کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں بناہے شاہ کا مصاحب پھرے ہے اتراتا وگرنہ شہر میں غالب کی آبرو کیا ہے؟

اس ملک کے زمینی حقائق کا بغور جائزہ لیا جائے تو نتیجے کے طور پر یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ پاکستان کے بااثر لوگ ہی اصل میں مسائل کی اصل وجہ ہیں جنہوں نے آج تک اس ملک کا کوئی سسٹم نہیں بننے دیا فیوڈل لارڈ ہوں یا درگاہوں سے وابستہ سیاستدان، ارکان ِ اسمبلی ہوں یا سرمایہ دار یا پھر بیوروکریسی اور افسر شاہی پر مشتمل اشرافیہ جس نے پاکستان کا پورے کا پورا سسٹم یر غمال بنا رکھا ہے ان طبقات کی آپس میں گہری رشتہ داریاں ہیں درحقیقت یہ اندرسے ایک ہیں جب بھی ان کے مفادات پر ضرب پڑتی ہے یہ متحد ہو جاتے ہیں یہ پوری ایک چین ہے کوئی اول تو اس سسٹم میں شامل ہی نہیں ہو سکتا متوسط طبقہ کا کوئی فرداس میں شامل ہو بھی جائے تو وہ بھی ان جیسا ہو جاتا ہے یہ وہی لوگ ہیں جو زرعی ٹیکس لگانے کے سب سے بڑے مخالف ہیں جو قوم کو اپنی اصل آمدن بتانا بھی گوارا نہیں کرتے سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہونے والوں کو عام آدمی کی مشکلات کا کیا احساس ہو سکتا ہے جس طرح ساون کے اندھے کو ہرا ہرا سوجھتاہے اسی طرح اشرافیہ کو بھی لوگوں کے معاملات سے سروکارنہیں ان حالات میں پاکستان میں عام آدمی کسی بھی طریقے سے خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کر سکتا عام شہریوں میں کوئی بہت زیادہ محنت کرلے۔ یا۔

اس کے فیملی ممب ربیرون ِ ممالک ملازمت یا کاروبار بھی کرلیں اس کی دو تین نسلوں کا مقدر پھر بھی غربت ہے۔۔ وزیر ِخزانہ اسحاق ڈارنے ایک اور بات کہی ہے ہمیں ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ ملک کے وسائل بہترہو سکیں اس ضمن میں سچی اور کھری بات یہ ہے کہ زرعی ٹیکس لگانے سے ملکی معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہو جائے گی لیکن یہ ٹھوس حکمت ِ عملی، بہتر پلاننگ اور اچھی منصوبہ بندی کی متقاضی ہے زرعی ٹیکس وصول کرنا 1973ء کے آئین کے تحت صوبوں کی صوابدید ہے ماضی میں کچھ ارکان ِ اسمبلی کی خواہش تھی کہ زرعی ٹیکس کا نظام وفاق کے زیر ِ انتظام ہو نا چاہیے جس پر مسلم لیگ ن کی گذشتہ حکومت نے 1998ء میں زرعی ٹیکس کا نیا مسودہ تیار کیا جسے اس وقت چاروں صوبائی اسمبلیوں سے پاس بھی کروایا گیااسی سال وفاقی حکومت نے زرعی ٹیکس وصول بھی کیا لیکن فیوڈل لارڈ، بڑے زمینداروں اور بیوروکریسی کی ملی بھگت سے اعدادوشمار کی ایسی جادوگری دکھائی گئی کہ پنجاب میں محض 75 کروڑ اور سندھ میں صرف 70 کروڑ روپے وصول کئے جاسکے جبکہ با خبر لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومتی خرچہ اس سے زیادہ ہو گیا یعنی ”ٹکے کی بڑھیاآنہ سر منڈھوائی”یوں وفاق نے اگلے سال زرعی ٹیکس کو بھاری پتھر سمجھ کرچھوڑ دیا اپنے مجبور تقدس کے سہارے ساغر دیر و کعبہ کے خدائوں سے لپٹ کر رولوں یوں اب تلک کوئی حکومت عملاً زرعی ٹیکس لگانے میں کامیاب نہیں ہو سکی اسمبلی میں اس بارے میں بات ہی نہیں کی جاتی یا پھر اسمبلی ہائو ہو کا شکارہوکر مچھلی منڈی بن جاتی ہے۔

Pakistan

Pakistan

حکومت بھی یہ بات بخوبی جانتی ہے کہ پاکستان کا اصل مسائل میں بڑا مسئلہ غربت ہے کہا جاتا ہے کہ بیشتر جرائم غربت کی کھوکھ سے جنم لیتے ہیں۔ ملک کے طول و عرض میں ہونے والی چوری ،ڈکیتی، راہزنی اور قتل و غارت کی بڑی وجہ غربت ہے جس سے سماجی ناانصافیاں اور دہشت گردی میں مسلسل اضافہ ہے ایک عالمی ادارے کی خصوصی رپورٹ میں کہا گیا ہے اس وقت پاکستان میں 75% سے زائد شہری خط ِ غربت سے بھی نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں خود ہمارے وزیر ِخزانہ 54 کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے جب تک ٹیکس چوری ختم نہیں ہوتی ملک معاشی طور پر مستحکم نہیں ہوگااب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ٹیکس چوری ختم کرنے کااختیار کس کے پاس ہے؟ کیا کوئی عا م آدمی ایسا کر سکتا ہے۔

کون سنے میری فریاد؟
منصف سارے بہرے ہیں

ان حقائق کی روشنی میں اگر’ دنیا یہ سمجھتی ہے پاکستان کے ارکان ِ اسمبلی ٹیکس چورہیں تو کیاان ٹیکس چوروں کو ئھی مطلق احساس نہیں ہوتا کہ دنیا ان کے بارے میں کیا کہہ رہی ہے اسی طرح ایک چور اپنے چور بیٹے کے ساتھ کہیں جارہا تھا کسی نے انہیں دیکھ کر اپنے ساتھی سے کہا” چور جا رہے ہیں۔ یہ سن کر چور کے بیٹے کو بڑا غصہ آیا وہ لڑنے کی نیت سے آگے بڑھا تو اس کے باپ نے کہا چھوڑو! کہنے دو کہنے سے کیا ہوتاہے؟ ۔۔شاید ان ٹیکس چوروں نے بھی اسی فارمولے پر عمل کر لیا ہے کہنے دو کہنے سے کیا ہوتا ہے؟ بہرحال ایک بات ہے اگر اپنے وزیر ِخزانہ اسحاق ڈارنے واقعی معاملات کچھ بہتر کر لئے تو نہ صرف ملکی معیشت میں استحکام آئے گا بلکہ غربت کم ہونے میں بھی مدد ملے گی اور انہیں اسمبلی فلور پر یہ بھی نہیں کہنا پڑے گا ” دنیا سمجھتی ہے پاکستان کے ارکان ِ اسمبلی ٹیکس چورہیں۔

Ilyas Mohammad Hussain

Ilyas Mohammad Hussain

تحریر: الیاس محمد حسین